سندھ ہائیکورٹ نے فرقہ وارانہ قتل کیس میں سزا کےخلاف دو ملزمان کی اپیلوں پرفیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے عمر قید کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزمان کو بری کردیا۔
عدالت عالیہ نے ابو تراب اور فیصل محمود کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی عمر قید کی سزا کالعدم قرار دے دی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ملزمان کی شناخت پریڈ میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گیے، پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے یکم جنوری 2022 کو دونوں ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
سرکاری وکیل کے مطابق ملزمان نے مدرسے سے واپس آنے والے شہری حسن پر فائرنگ کی تھی، ملزمان کی فائرنگ سے حسن جاں بحق ہوگیا تھا، ملزمان کے خلاف مقدمہ 2014 میں گلشن اقبال تھانے میں درج کیا گیا تھا۔