پاکستانی پریزینٹر زینب عباس کے خلف مقدمہ درج کرانے والے بھارتی وکیل ونیت جندال نے اب پاکستانی کرکٹر محمد رضوان کو نشانے پر رکھ لیا ہے، ونیت جندال نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو رضوان کے میدان میں نماز پڑھنے پر شکایت کی ہے۔
محمد رضوان نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا کے خلاف میچ وننگ سنچری کے بعد اپنی سنچری غزہ کے عوام کے نام کی تھی۔
رضوان کے اس فعل نے بھارتی میڈیا میں ہنگامہ برپا کر دیا تھا، لیکن آئی سی سی نے پاکستانی وکٹ کیپر کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کیونکہ یہ عمل میدان سے باہر ذاتی حیثیت میں کیا گیا تھا۔
تاہم، بھارت میں سپریم کورٹ کے وکیل ونیت جندال نے اب ایک نئی شکایت درج کرائی ہے، جس میں آئی سی سی پر زور دیا گیا ہے کہ وہ حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کے پہلے ورلڈ کپ میچ کے دوران میدان میں نماز ادا کرنے پر رضوان کے خلاف سخت اقدامات کرے۔
شکایت میں کہا گیا کہ رضوان کو جمعہ (6 اکتوبر) کو حیدرآباد میں ہالینڈ کے خلاف جاری آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں اپنی ٹیم کے افتتاحی میچ کے دوران میدان میں نماز پڑھتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
شکایت میں کہا گیا کہ محمد رضوان نے کرکٹ کے میدان میں ہندوستانیوں کے درمیان نماز پڑھ کر اپنے مذہب کی جان بوجھ کر تصویر کشی کی ہے جو کھیلوں کی روح کے خلاف ہے۔
شکایت میں کہا گیا کہ محمد رضوان کی طرف سے اپنے مذہب کو ظاہر کرنے کا عمل جان بوجھ کر یہ پیغام دینے کے ان کے ارادے کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ ایک مسلمان ہیں۔
شکایت میں مزید لکھا گیا کہ میدان میں محمد رضوان کی طرف سے اپنے مذہب کی نمائندگی کا عمل اور اس کے بعد غزہ کے عوام کے لیے اپنی فتح کی سرشاری کے حوالے سے پریس کانفرنس میں ان کا بیان ان کے مذہبی اور سیاسی نظریے کی مزید تصدیق کرتا ہے۔
ونیت جندال نے لکھا کہ کھلاڑی نے ہندوستان کی سرزمین پر عوامی طور پر اپنی جیت غزہ کے لوگوں کے نام کی۔ ’اس کھلاڑی نے غزہ کے باسیوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور یہ ہمارے ملک کے نظریے کے خلاف ہے۔‘
ونیت جندال نے ماضی کے ایک قصے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس سے قبل 2021 میں رضوان نے میدان میں نماز ادا کی تھی۔ جب بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ’سپر 12‘ گیم میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تو پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”مجھے سب سے زیادہ پسند رضوان ہے، وہ درمیان میں کھڑا تھا۔ اس نے گراؤنڈ میں جا کر ہندوؤں کے سامنے نمازیں پڑھیں“۔