Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2023 01:01pm

ٌپاک بھارت ٹاکرے میں انجو کس کی حمایت کریں گی؟ پسندیدہ کھلاڑی پاکستان سے ہے

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کا سنسنی خیز پاک بھارت ٹاکرا آج بھارتی شہر احمد آبار کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، سرحد پار سے آئی انجو(فاطمہ) بھی کرکٹ کی شیدائی نکلیں۔

اردو نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں انجو نے یہ انکشاف کیا کہ انہیں پہلے کرکٹ میں کوئی دلچسپی نہیں تھی، لیکن پاکستان آنے کے بعد دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ وہ اور ان کے شوہر گھر پر ہی ایک ساتھ پاک بھارت میچ کے لطف اٹھائیں گے۔

انجو نے فاتح ٹیم سے متعلق اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’وہ انڈیا میں میچز نہیں دیکھتی تھیں لیکن یہاں لوگ میچز بہت زیادہ دیکھتے ہیں تو میری بھی دلچسپی بڑھنا شروع ہوئی اور اب خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان ہی جیتے‘۔

بھارت سے تعلق ہونے کے باوجود انجو نے پاکستان اور انڈیا کی ٹیم میں سے پاکستان کو ترجیح دی اور شاہین شاہ آفریدی کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کھلاڑی قرار دیا۔

مزید پڑھیں:

بھارت سے آئی انجو کو 10 مرلے کا پلاٹ دیگر تحائف مل گئے

انجو کی بھارتی ’شوہر‘ کو دھمکیاں، اروند نے پاسپورٹ منسوخی کا مطالبہ کردیا

انجو پر تحائف کی برسات جاری، عروسی لباس بھی سامنے آگیا

انجو نے مزید کہا کہ ’پہلے مجھے کسی پاکستانی کھلاڑی کا نام نہیں آتا تھا لیکن اب میں میچ دیکھتی ہوں اور مجھے شاہین شاہ آفریدی پسند ہیں اور 14 اکتوبر کے میچ میں پاکستان کو ہی سپورٹ کروں گی‘۔

انجو کے نصفِ بہتر نصراللہ نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے جب بھی پوچھا ہے تو انجو نے پاکستان کا نام ہی لیا ہے اور وہ پاکستان کو ہی سپورٹ کرتی ہیں۔ ہم دونوں کی ٹیم پاکستان اور پسندیدہ کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی ہیں‘۔

انجو نے انڈیا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے شاندار استقبال اور بھارتی شائقین کرکٹ کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ دیکھیں انڈیا میں بھی بہت سارے لوگ پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ جس طرح ان کا استقبال کیا گیا اور پھر جس طرح لوگ پاکستانی کرکٹرز کو سپورٹ کر رہے ہیں تو یہ وہاں بھی ہو رہا ہے۔ میری پسند کوئی نئی بات نہیں‘۔

انہوں نے بھارتیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی ہماری ٹیم وہاں گئی ہے تو سب کو پتہ چل رہا ہے کہ وہاں بھی ہمارے پاکستانی کھلاڑیوں کو پسند کیا جا رہا ہے۔ کئی لوگ اپنے پسندیدہ پاکستانی کھلاڑیوں سے ملنے بھی آ رہے ہیں‘۔

میچ دیکھنے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے نصراللہ نے کہا کہ ’ہم دونوں ایک ساتھ اپنے موبائل پر ہی میچ دیکھتے ہیں اور کل بھی ایک ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھیں گے‘۔

انجو نے اپنی اور نصراللہ کی میچ میں دلچسپی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلے تو ایسا تھا کہ جب میں نے میچز دیکھنا شروع کیے تو نصراللہ کو کہا تُم انڈیا کی ٹیم کو سپورٹ کرو میں پاکستان کے ساتھ ہوتی ہوں۔ اس طرح میں نے انڈین ٹیم کے کھلاڑیوِں کے نام اِن کو بتائے اور یہ مجھے پاکستانی ٹیم کے نام بتاتے رہے۔ اس بار دونوں ایک ہی ٹیم یعنی پاکستان کو سپورٹ کر رہے ہیں‘۔

انجو اور نصر اللہ کے مطابق ان کی خواہش ہے کہ پاکستان یہ میچ جیتے، جس کے بعد دونوں ٹیم کی جیت پر جشن بھی منائیں گے۔

بھارت سے پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر ہجرت کرنے والی انجو اس وقت اپنے شوہر نصراللہ کے ساتھ گھر پر رہتی ہیں، دونوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔

اپنا اسلامی نام فاطمہ رکھنے والی انجو شوہر کے ہمراہ خیبرپختونخوا اور اس کے دیگر خوبصورت علاقوں کے کئی مشہور سیاحتی مقامات کا نظارہ کر چکی ہیں۔

Read Comments