لاہور کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ اور ان کے صاحبزادے مؤنس الہیٰ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ اور ریمارکس دیئے کہ فوجداری کارروائی میں ملزم کی ذاتی حیثیت میں پیشی ضروری ہے۔
لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں تحریک انصاف کے صدر پرویزالہیٰ اور ان کے بیٹے مؤنس الہیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی کو جیل سے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا، جب کہ مونس الٰہی کو بھی عدالت پیشی کی ہدایت کر دی گئی۔
عدالت نے حکم دیا کہ پرویز الہیٰ کو 23 اکتوبرکو عدالت میں پیش کیا جائے، اور ڈائریکٹر ایف آئی اے اور متعلقہ جیل حکام ملزمان کی عدالت پیشی کو یقینی بنائیں۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ وکیل نے مؤنس الٰہی کی جانب سے وکالت نامہ پیش کیا، ان کے وکیل کو ملزم سے متعلق پتا ہے، کہ فوجداری کارروائی میں ملزم کی ذاتی حیثیت میں پیشی ضروری ہے، وکلا آئندہ سماعت پر مونس الہیٰ کو عدالت پیش کریں۔