کراچی میں ایک ایسا علاقہ بھی ہے جس کی گلیاں اور سڑکیں پاکستان کے مشہور و معروف کرکٹرز کے ناموں سے منسوب ہیں۔
وسیم اکرام، وقار یونس،جاوید میانداد سمیت متعدد نامور کھلاڑیوں کے ناموں سے منسوب کئی گلیاں نارتھ ناظم آباد میں موجود ہیں۔
نارتھ ناظم آباد میں فائیواسٹار چورنگی کے پاس ایک تختی پر اقبال قاسم روڈ لکھا ہوا ہے، تھوڑا آگے اسی اسٹریٹ کے پاس وقار یونس کے نام کی تختی بھی ایک گلی کے کونے پر لگی ہوئی ہے۔
اگر آپ نارتھ ناظم آباد میں جائیں تو ایک گلی میں سُوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا نام بھی دیکھ سکتے ہیں، اسی علاقے کے آس پاس کی گلیوں کی سیر کو جائیں توکچھ دیگر کھلاڑیوں کے نام بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
ان کھلاڑیوں میں پاکستان کے سابق کپتان معین خان بھی شامل ہیں، اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کے پچھلی گلی میں ہی جاوید میاںداد کے نام کی تختی لگی ہوئی ہے اور اس کے بالکل سامنے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر تسلیم عارف کا بھی نام درج ہے۔
اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد میں دنیائے کرکٹ کے بڑے نام رمیز راجہ، محسن حسن خان اور کئی نامور کھلاڑیوں کے ناموں کی بھی تختیاں اسی علاقے میں دیکھنے کو ملیں گی۔