ہر شخص کو اپنے گھر کے آس پاس ہریالی پسند ہوتی ہے، اس مقصد کے لئے بہت سے لوگ اپنے گھروں میں پودے لگانا پسند کرتے ہیں۔ پودے آپ کی صحت کے لئے بہت زیادہ فائدے مند ہوتے ہیں اور آپ کی آنکھوں کے لئے بھی سود مند ہوتے ہیں۔
ڈپریشن کے شکار مریضوں کو اکثر ڈاکٹرز ان کی صحت بہتر کرنے کے لئے پُرفضا مقامات پہ جانے کی ہدایت کرتے ہیں۔
شہر کے پارکس اور سبز جگہیں گرمی کا مقابلہ کرنے، حیاتیاتی زندگی کو بڑھانے اور شہری جنگل میں سکون کا احساس پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
لیکن آپ شاید یہ نہیں جانتے کہ اگر آپ سبزے یا ہریالی کے نزدیک رہتے ہیں تو آپ کی عمر دوسرے لوگوں کے مقابلے میں کم نظر آتی ہے۔
اسپین اور امریکی تحقیقی ٹیم نے دریافت کیا کہ سبز جگہوں کے قریب رہنے والے افراد حیاتیاتی طور پر اوسطاً ڈھائی سال چھوٹے ہوتے ہیں۔
نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے فینبرگ اسکول آف میڈیسن میں پوسٹ ڈاکٹریٹ اسکالر اور اس تحقیق کے مرکزی مصنف کیزو کم نے کہا کہ زیادہ سبزہ زار کے قریب رہنے سے آپ کو اپنی اصل عمر سے کم عمر ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔
ڈاکٹر کم اور ان کی ٹیم نے 1986 سے 2006 تک 20 سالوں میں امریکہ کے چار شہروں میں 924 افراد کے گھروں کے ایڈریس کا تجزیہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ پودوں اور پارکوں کے کتنے قریب رہتے تھے۔
شہری فضائی آلودگی کا جادوئی حل ’مائع درخت‘
کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ سے امریکی فضا آلودہ، آسمان کا رنگ بدل گیا
انہوں نے اس ڈیٹا کو اسی دوران لیے گئے خون کے نمونوں کے ساتھ جوڑا، تعلیم، آمدنی اور تمباکو نوشی جیسے خطرے کے عوامل جیسے دیگر متغیرات کو کنٹرول کیا۔
نتائج سے واضح ہوا کہ 5 کلومیٹر کے دائرے میں 20 فیصد سبز احاطہ سے گھرے ایڈریس پر رہنے والے حیاتیاتی طور پر ان لوگوں سے تقریباً ڈھائی سال بڑے تھے جن کے گھروں کے ارد گرد 30 فیصد سبزہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ حیاتیاتی عمر میں اس فرق کے لئے زیادہ تعداد میں سماجی میل جول اور جسمانی ورزش میں اضافہ جزوی طور پر ذمہ دار ہے۔