نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سمیت مختلف رہنماؤں کی جانب سے سری لنکا کے خلاف میچ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
قومی ٹیم نے سری لنکا کے 345 رنز کا ہدف 10 گیندیں قبل ہی حاصل کرکے میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔
اوپنر عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے ورلڈکپ میں دوسری فتح اپنے نام کی۔
پاکستان نے آئی لینڈرز کے خلاف 345 رنز کا ہدف حاصل کرکے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا، یہ ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑا چیز ہے۔
نگراں وزیراعظم نے ایکس (ٹوئٹر) پیغام میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو میچ جیتنے پر مبارکباد دی۔ انھوں نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں یہ پاکستانی ٹیم کی دوسری کامیابی ہے، پاکستانی عوام اپنی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے دعاگو رہتے ہیں، بڑاٹارگٹ پوراکرنےسے ٹیم کامورال بلند ہوا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی کرکٹ ٹیم بھارت کیخلاف بھی اسی جذبہ سے کھیلےگی، قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، قوم کامیابی کیلئے دعا گو ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بھی سری لنکا کے خلاف کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے عمدہ کھیلا۔
انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس کے ساتھ پوری قوم کی دعائیں ہیں، انشاءاللہ پاکستان کے کھلاڑی بھارت سے جیت کر لوٹیں گے۔