علیحدگی پسند سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں نے بھارت کو حماس طرز کے حملے کی دھمکی دے دی ہے۔
گروپتونت سنگھ پنوں کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دھمکی دے رہے ہیں۔
انہوں نے ویڈیو میں مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین جنگ سے سبق سیکھیں ورنہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہندوستان میں بھی ایسا ہی ردعمل سامنے آئے۔
گرپتونت سنگھ پنوں امریکہ میں قائم کی گئی ”سکھس فار جسٹس“ (SFJ) تنظیم کے سربراہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’پنجاب سے فلسطین تک غیر قانونی قبضے کے تحت لوگ ردعمل ظاہر کرتے ہیں، نتیجتاً تشدد ہی تشدد کو جنم دیتا ہے۔‘
پنوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے پنجاب پر قبضہ جاری رکھا تو ردعمل ہو گا اور اس کے ذمہ دار بھارت اور وزیر اعظم مودی ہوں گے۔
مزید پڑھیں: ہردیپ سنگھ کا قتل: سکھ رہنماؤں نے بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا اعلان کردیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس ایف جے بیلٹ اور ووٹ پر یقین رکھتی ہے اور دعویٰ کیا کہ پنجاب کی آزادی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کیمرے کی طرف ہاتھ سے بندوق کا اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہندوستان، انتخاب تمہارا ہے۔ بیلٹ یا بُلٹ (گولی)‘۔