دو منٹ چورنگی ولی اسد امام بارگاہ کے پاس پولیس مقابلہ ہوا جس میں شاہین فورس کی فائرنگ سے دو ڈاکو زخمی ہوئے، جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی پولیس نے 3 مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جب کہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔
کراچی کے علاقے بلال کالونی میں شاہین فورس کا اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ مقابلہ ہوا، اور دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوگئے، تاہم 1 ڈاکو کے زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں سے مقابلہ دو منٹ چورنگی ولی اسد امام بارگاہ کے پاس ہوا، اور ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزمان نے اپنے نام عمران ولد عبدالرحیم اور سلیمان ولد میر حاتم بتائے ہیں، جن کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پسٹل لوڈ میگزین بمعہ راؤنڈ، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد ہوا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی ملزمان اور رکشہ ڈرائیور کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اور واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب سائٹ سپر ہائی وے پولیس کا چاکڑ ہوٹل کے قریب ملزمان سے مقابلہ ہوا، اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان تاجر مومن خان کو لوٹنے میں مصروف تھے، کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، تاہم جوابی فائرنگ میں ملزمان زخمی ہوگئے۔ ملزمان سے اسلحہ، نقدی ، موباٸل فون اور موٹر ساٸیکل برآمد کرلیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سمیر خان اور سمیر شامل ہیں، جو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان پولیس کی وردی پہن کر شہریوں سے لوٹ مار کرتے ہیں اور پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 طوری بنگش چوکی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہکار بھی زخمی ہوا، زخمی اہلکار کی شناخت یاسر کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق پولیس مقابلہ اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں ہوا، جس میں 2 ڈاکو فرار اور ایک ہلاک ہوگیا، مرنے والے ڈاکو کی فوری شناخت نہیں ہو سکی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔