سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کی سزا ملک اورعوام کو ملی، سابق وزیراعظم کو نکالنے والےنظام سے ہی نکل گئے، یہ ہے اللہ کا نظام، قائد ن لیگ 6 سال بعد قوم کو پورا سچ بتائیں گے۔
لاہور میں یونین کونسلوں کےعہدیداروں اور کارکنوں نے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے ملاقات کی، جس میں نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور مشاورت کی گئی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو قائد نوازشریف کا تاریخی استقبال کریں گے۔
اس موقع پر ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملکی ترقی کا آزمودہ برانڈ ہیں، ان کو کارکردگی میں نہ ہرا سکے تو جھوٹے الزام لگا کر، دھاندلی اور طاقت سے میدان سے ہی نکال دیا، ان کو اقتدار سے نکالنے کی سزا ملک اور عوام کو ملی، سابق وزیر اعظم کو نکالنے والے خود نظام سے ہی نکل گئے، یہ اللہ کا نظام ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف 6 سال بعد قوم کو پورا سچ بتائے گا تو سارے پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے دفن ہوجائیں گے، 6 سال تک جھوٹوں کو جھوٹ بولنے کی کھلی آزادی تھی جس سے ذہن گمراہ ہوئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پروپیگنڈے بے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا، عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے ستایا گیا۔