بھارتی شہر حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران کیوی کھلاڑی گلین فلپس اور میڈیا نمئاندگان اسٹیڈیم میں بجلی بند ہونے کے باعث اندھیرے میں چلے گئے۔
گلین فلپس گزشتہ روز ایک کانفرنس میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے جب لائٹس بند ہو گئیں تو ٹیم انتظامیہ کے ایک رکن نے موبائل کی فلیش لائٹ کھولی جس کے بعد پریس کانفرنس فلیش لائٹ میں جاری رہی۔
ورلڈ کپ 2023 کے اپنے دوسرے میچ میں آج نیوزی لینڈ کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا۔ ایونٹ کے افتتاحئی میچ میں کیویز نے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ 9 وکٹوں سۓ شکست دی تھی۔
دوسری جانب بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے دوران بھارتی ٹیم کی شرٹ پہنے برطانوی یوٹیوبر ڈینیئل جاروس نے کھیل کے دوران میدان میں داخل ہوکر اسٹیڈیم میں موجود 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کو حیران کردیا۔
سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ڈینیئل جاروس کو لے جانے سے قبل کوہلی جاروس سے بات کرتے نظر آئے تھے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ اگر ایسا دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کی ضرورت پڑی تو وہ اس پر غور کریں گے۔
متعلقہ شخص پر ایونٹ میں مزید کسی بھی کھیل میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور یہ معاملہ بھارتی حکام کے ہاتھ میں ہے۔
جاروس 2021 میں بھارت کے خلاف انگلینڈ کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران تین بار میدان میں اتر چکے ہیں۔