Aaj Logo

شائع 07 اکتوبر 2023 06:29pm

امریکہ نے اسرائیل کو جنگ میں مدد دینے کا اعلان کردیا

اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ امریکا یقینی بنائے گا کہ اسرائیل کے پاس اپنے دفاع کا سامان موجود ہو۔

امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ اسرائیل کے پاس ”اپنے دفاع کے لیے جو ضرورت ہے وہ موجود ہے“۔

یاد رہے کہ فلسطینی جنگجوؤں نے اسرائیل پر حملہ کیا جس میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے اور کئی کو یرغمال بنالیا گیا جبکہ اسرائیل نے جوابی کارروائی میں 160 فلسطینی شہید اوار تقریباً 1000 افراد کو زخمی کردیا۔

لائیڈ آسٹن نے ایک بیان میں کہا، ”آنے والے دنوں میں امریکی محکمہ دفاع اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ اسرائیل کے پاس اپنے دفاع اور شہریوں کو اندھا دھند تشدد اور دہشت گردی سے بچانے کے لیے ضروری دفاعی صلاحیت موجود ہو۔“

امریکا کی جانب سے اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت بھی کی گئی ہے۔ امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کا کبھی کوئی جواز نہیں ہے۔ ”ہم اسرائیل کی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ان حملوں میں ضائع ہونے والی اسرائیلی جانوں کے لیے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔“

ایڈرین واٹسن نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے بات کی ہے اور وہ قریبی رابطے میں رہیں گے۔

واضح رہے کہ حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مسلح گروپ نے اسرائیل کے خلاف ایک نیا عسکری آپریشن شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

فلسطینی صدر محمود عباس نے حماس کے حملے کی حمایت کردی

’حماس کا تازہ حملہ خطے کی سیاست کا پورا کھیل تبدیل کردے گا‘

مقامی میڈیا اور اسرائیلی طبی ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی سے 5 ہزار راکٹ داغے جانے کے بعد پیدا ہوئی کشیدگی میں کم از کم 40 اسرائیلی ہلاک اور 750 کے قریب زخمی ہوئے، فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس نے ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہو کر حملے کیے۔

Read Comments