ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں ہونے والا جلسہ عوام کو متحد کرنے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا اور ہم سب مل کر اورنگی ٹاؤن سمیت ملک بھر کے عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلائیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے 15 اکتوبر کو اورنگی ٹاؤن میں جلسہ کیا جائے گا۔
مصطفی کمال اور ڈپٹی کنوینر انیس قاٸم خانی نے اورنگی ٹاؤن جرمن گراؤنڈ کا دورہ کیا اور جلسے کے انتظامات سے متعلق کارکنان و ذمہ داران سے مختلف امور پر مشاورت کی۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اس صوبے پر پچھلے 15 سالوں سے قابض سندھ کے وسائل کو ہڑپ کرنے والوں سے حساب لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایک پیسے کا حساب لیکر انہیں قانونی طریقے سے سزا دلوائیں گے اور ان کے سہولت کاروں کو اس سسٹم سے مکمل نکال کر ہی دم لینگے۔
اس موقع پر ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی نے جلسہ عام کے سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دیں۔
انھوں نے جلسہ عام میں عوام کی بھر پور شرکت کیلئے عوام کو گھر گھر جاکر جلسے میں آنے کی دعوت دینے کی ہدایت دی۔