Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2023 11:46am

پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کے کاروباروں کی جیو فینسنگ کا فیصلہ، بیدخلی کیلئے کمیٹیاں قائم

خیبر پختونخوا میں غیر قانونی مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جب کہ بلوچستان میں افغان مہاجرین کے انخلا سے متعلق اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا سے غیر قانونی مہاجرین کو نکالنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، صوبے میں پالیسی پر عملدرآمد کی نگرانی سیکرٹری داخلہ کریں گے۔

سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ایمپلیمنٹیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی میں آئی جی خیبرپختونخواسمیت تمام اداروں کےسربراہان ہوں گے۔

اضلاع کی سطح پر قائم کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ہوں گے، متعلقہ کمیٹیاں وفاق کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، اور افغان مہاجرین کے کاروبار کی جیو فیسنگ کریں گی، جب کہ افغانوں کی رہائش گاہوں کا بھی پتہ لگائیں گی۔

بلوچستان میں افغان مہاجرین کے انخلا سے متعلق اجلاس طلب

دوسری جانب چیف سیکرٹری بلوچستان نے افغان مہاجرین سے متعلق اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اس حوالے سے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں افغان مہاجرین کی واپسی کے معاملات کے حل پر مختلف ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاق کے فیصلے پرعملدرآمد کیلئے پرعزم ہے، اور پولیس غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف اقدامات کرنے کیلئے تیار ہے۔

جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اہم مسئلہ سے نمٹنے کے لیے ایک جامع مہم شروع کرنے سے پہلے ابتدائی مرحلے کی نشاندہی کے اقدامات کئے جائیں گے، حکومت بلوچستان ایپکس کمیٹی کی طرف سے دی گئی تمام ہدایات پر تندہی سے عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں افغان مہاجرین کیخلاف کریک ڈاؤن پر کابل حکومت کا ردعمل آگیا

نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ دستاویزات کے بغیر رہنے والے تمام تارکین وطن کی رضاکارانہ وطن واپسی کے لیے 24 دن کا محدود وقت باقی ہے، تارکین وطن اس ڈیڈ لائن کو آخری موقع سمجھ کر ضروری طریقہ کار کی تعمیل اور ٹرانزیشن کے عمل پر تعاون کریں۔

Read Comments