آئی سی سی کرکٹ ون ڈے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے ڈیون کونوے اور رچن رویندرا کی شاندار سنچریوں کی بدولت دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف 37 ویں اوور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
ڈیون کونوے نے 121 گیندوں پر 152 رنز جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔
اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تھے۔
انگلش ٹیم کے اوپنرز نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم انگلینڈ کو پہلا نقصان اوپنر ڈیوڈ ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں 14 رنز پر میٹ ہینری نے پویلین بھیجا، بعدازاں جونی بیئر اسٹو 33، ہیری بروک 25 اور معین علی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
4 وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور کپتان جوز بٹلر نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جوز بٹلر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ جو روٹ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 86 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ لیام لیونگسٹن نے 20 ، سام کُرن نے 14 اور کرس ووکس نے 11 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں عادل رشید اور مارک ووڈ کے درمیان 30 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، عادل رشید نے 15 اور مارک ووڈ نے 13 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اوریوں انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2، 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 10 کے مجموعی اسکور پر ول ینگ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
ایک وکٹ گرنے کے بعد ڈیوڈ کونوے اور پہلی بار ورلڈکپ کا میچ کھیلنے والے رچن رویندرا نے انگلینڈ کے بولرز کا بھرکس نکال دیا۔
دونوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے، اور انگلش بولرز کو بے بس کر دیا, کونوے اور رویندرا نے سنچریاں اسکور کیں اور ہدف 37 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
ڈیون کونوے نے 152 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 19 چوکے شامل تھے جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، رویندرا کی اننگز میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
دونوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔
انگلینڈ کی جانب سے سام کُرن نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ کے رویندرا کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد کیوی کپتان ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کا ہر میچ اہم ہے، انگلینڈ کی ٹیم کو کم اسکو پر روکیں گے۔
دوسری جانب انگلش کپتان جاس بٹلر کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی بولنگ ہی کرتے، البتہ کوشش کریں گے زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں۔
انگلینڈ کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز جاس بٹلر کر رہے ہیں، ان کے علاوہ انگلش پلیئنگ الیون میں جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملن، جو روٹ، ہیری بروک، معین علی، لائم لیونگسٹن، کرس ووکس، سیم کرن، عادل راشد اور فاست بولر مارک ووڈ شامل ہیں۔
کین ولیئمسن کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپر ٹام لیتھم نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان مقرر ہیں، نیوزی لینڈ اسکواڈ میں ڈیون کانوے، ول ینگ، رچن روندرہ، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چپمین، مچل سینٹینر، جیمز نیشم، میٹ ہینری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 2019 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا تھا اور بلآخر انگلینڈ سپر اوور میں کامیاب قرار پائی تھی۔
گزشتہ ورلڈ کپ فائنلسٹ ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایونٹ کا آغاز کر چکی ہیں، دونوں ٹیموں کا پلڑا ایک دوسرے کے مدمقابل تقریباً برابر ہی تصور کیا جا سکتا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میں 95 مقابلے ہوئے جن میں سے 45 انگلینڈ اور نیوزی لینڈ 44 میچز میں کامیابی سمیٹ چکا ہے، اس کے علاوہ چار میچز بلا نتیجہ جب کہ دو میچز برار ہوچکے ہیں۔
میگا ایونٹ میں 10 ٹیمیں مجموعی طور پر 45 گروپ اسٹیج مقابلوں میں 5 اکتوبر تا 12 نومبر تک 10 مختلف مقامات پر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
گروپ اسٹیج کی ٹاپ 4 ٹیمیں ورلڈ کپ سیمی فائنلز میں کوالیفائی کریں گی، پہلا سیمی فائنل گروپ اسٹیج کی پہلی اور چوتھی ٹیم کے درمیان ممبی میں 15 نومبر کو ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گروپ اسٹیج کی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کولکتہ میں مدمقابل ہوں گی۔
اس کے علاوہ ورلڈ کپ فائنل احمد آباد میں موجود دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں 19 نومبر کو کھیلا جائے گا، سیمی فائنل اور فائنل میں ریزرو ڈے ہوں گے۔
میزبان بھارت 8 اکتوبر کو چنئی میں پانچ بار کی فاتح آسٹریلیا کے خلاف مقابلہ کرے گا جب کہ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان دلچسپ ترین میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
احمد آباد کا اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے افتتاحی اور فائنل کی میزبانی کرے گا دیگر 9 مقامات میں بنگلورو، چنئی، دہلی، دھرم شالا، حیدرآباد، کولکتہ، لکھنؤ، ممبئی اور پونے شامل ہیں۔
ورلڈ کپ 2023 کے صرف 6 میچز بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہوں گے جب کہ دیگر تمام مقابلوں کا آغاز دوپہر کے 2 بجے ہوگا جو رات تک جاری رہیں گے۔
بھارت کو ٹورنامنٹ جیتنے کے لئے فیورٹ سمجھا جارہا ہے تاہم آسٹریلیا، دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور جنوبی افریقا بھی مضبوط حریف ہیں۔ یہ ایک دلچسپ ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے جس میں دنیا بھر کی کچھ بہترین کرکٹ ٹیمیں عالمی چیمپیئن کے ٹائٹل کے لئے مقابلہ کریں گی۔