پیپلزپارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف صاحب شہید بھٹو کا موازنہ نواز شریف سے کر رہے ہیں جو آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔
اوکاڑہ میں سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق کی ریاش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ 2024 کے الیکشن میں کوئی نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش نہ کرے، کسی بھی سیاسی جماعت کو الیکشن سے آؤٹ نہیں دیکھنا چاہتے لیکن مجھے یہ کوئی بتا دے جو 9 مئی کو ہوا کوئی سیاسی جماعت کرتی ہے، کوئی باہر سے 9 مئی جیسا کام کرے تو دہشت گردی اگر کوئی سیاسی جماعت کرے تو آپ کیا کہیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ 2018 میں آر ٹی ایس بٹھانے کے باوجود ہم نے الیکشن کو مانا، اب میاں نواز شریف یا مسلم لیگ نون کیوں الیکشن نہیں چاہیں گے، ہر مشکل وقت میں نواز شریف نے ہی ملک کو سنبھالا، نواز شریف نے ہی پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا، اللہ تعالی کی ذات کے بعد صرف نواز شریف ہی ملک کو گرداب سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر 2014 میں سول نافرمانی کو روکا ہوتا تو آج 9 مئی کا سانحہ نہ ہوتا، ہم یہ کہتے ہیں کہ اگر آب 2016 اور 17 کے ذمہ داروں کا احتساب نہیں کرتے تو 9 مئی کے ملزمان کا احتساب تو کریں اور ان کو سزا ملنی چاہیئے، اس وقت ملکی معاشی حالات یہ ہیں کہ لوگوں کو روٹی نہیں مل رہی تو ہم کیا جشن منائیں، اس لیے ہم مینار پاکستان پر جلسہ کر رہے ہیں۔
جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ 21 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والا نواز شریف کا جلسہ ایک تاریخ رقم کرے گا۔
اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میاں یاور زمان ضلعی صدر میاں منیر اور دیگر موجود تھے۔
دوسری جانب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف اور طلال چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ جاوید لطیف صاحب شہید بھٹو کا موازنہ نواز شریف سے کر رہے ہیں جو آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، ن لیگ کی کار گزاری بھٹو شہید کی قربانیوں کا عشرِ عشیر بھی نہیں ہیں، جاوید لطیف اور طلال چوہدری کس گھمنڈ سے بھٹو شہید کا موازنہ کرنے کی بات کررہے ہیں۔
مرتضٰی وہاب نے کہا کہ جاوید لطیف صاحب کو ماضی قریب کی سیاسی تاریخ پڑھنے کا مشورہ دیتا ہوں، بھٹو شہید کے خاندان نے جمہوریت کو اپنے خون سے سینچا ہے جس کا اعتراف نواز شریف بھی کرتے ہیں، جاوید لطیف اور طلال چوہدری اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے موازنے کی بات کریں تو مناسب ہو گا، جاوید لطیف ووٹ حاصل کرنے کے لیے پہلے سیاسی شعور بڑھائیں، حیرت ہے کہ ان کی کارنر میٹنگ میں اس طرح کی باتیں ہو رہی ہیں۔
میئر کراچی مرتضی وہاب کا سندھ حکومت سے بلٹ پروف گاڑی کامطالبہ
میئر کراچی کا غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کااعلان
انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف کو علم نہیں کہ پاکستان کو تحریکِ انتشار کے نرغے سے بھٹو شہید کی پارٹی نے نکالا تھا، بھٹو شہید کی قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرنے والوں کا سیاسی حال بھی دنیا نے دیکھا ہے۔