Aaj Logo

شائع 04 اکتوبر 2023 08:42am

آرمی چیف سے امریکی وزیردفاع کا ٹیلیفونک رابطہ

امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔

اس ٹیلی فون کال کا اعلان امریکی محکمہ دفاع نے کیا جو پاکستان کی جانب سےغیر قانونی طور پرمقیم تمام غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کیے جانے کے فورا بعد سامنے آیا۔

پینٹاگون کے پریس سیکریٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائیڈر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے منگل کو پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے فون پر بات چیت کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور امریکی وزیر دفاع آسٹن اور جنرل منیر نے باہمی دلچسپی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ حالیہ علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس حوالے سے پاکستانی فوج کے میڈیا ونگ پاکستان انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 3 اکتوبر کو نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیرصدارت مایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے تھے۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اعلان کیا تھا کہ یکم نومبر کے بعد غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کریں گے، یکم نومبر کے بعد کوئی بھی بغیر ویزہ اور پاسپورٹ ملک میں داخل نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد جائیدادیں فوری بیچ دیں، اب پیپر تذکیرہ نہیں چلے گا صرف ای تذکیرہ اور پاسپورٹ پر داخلہ ممکن ہوگا۔ یکم نومبر کے بعد جو بھی آئے وہ ویزہ لے کر پاکستان آئے۔

خیال رہے کہ 10 اکتوبر سے افغان شہریوں کیلئے ڈیجٹائزڈ ای تذکیرہ نافذ کیا جا رہا ہے جو 31 اکتوبر تک نافذ رہے گا۔ اس کے بعد افغان باشندوں کو پاکستان میں داخلے کے لیے باقاعدہ ویزا لینا ہوگا۔

Read Comments