بالی ووڈ کے سُپر اسٹار المعروف ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے ’لاہور 1947‘ کے نام سے فلم بنانے کا اعلان کر کے مداحوں کو خوشخبری سنا دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ’لاہور 1947‘ عامر خان پروڈکشن کے تحت بنائی جائے گی جس کے ہدایت کار راج کمار سنتوشی جبکہ پروڈیوسر خود عامر خان ہوں گے۔
فلم میں مرکزی کردار کیلیے سنی دیول کا نام فائنل کیا گیا ہے۔
عامر خان پروڈکشن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے ذریعے فلم کا اعلان کیا۔ اس میں اداکار سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ ’میں اور پروڈکشن ہاؤس کی پوری ٹیم ہماری اگلی فلم کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی پُرجوش اور خوش ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’فلم کا عنوان ’لاہور 1947‘ رکھا گیا ہے جس میں سنی دیول اداکار اور راج کمار سنتوشی ہدایت کاری ہوں گے۔ ہمیں آپ لوگوں کا ساتھ چاہیے۔‘
اس پروجیکٹ کے ذریعے عامر خان اور راج کمار سنتوشی 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ کے بعد پہلی بار ساتھ کام کریں گے۔
راجکمار سنتوشی اور سنی دیول اس سے قبل فلم ’گھائل‘، ’دامنی‘ اور گھٹک’ کے ساتھ باکس آفس پر تین ہٹ فلمیں دے چکے ہیں۔