آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ وزارت قانون نےسماعت جیل میں کرنےکااین اوسی جاری کردیا۔ جب کہ پی ٹی آئی نے جیل میں ٹرائل کا وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کل ہوگی، کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہی ہوگی۔
وزارت قانون کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہوگا۔
وزارت قانون نے سائفر کیس کی سماعت جیل میں کرنے کا این اوسی بھی جاری کردیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف اڈیالہ جیل میں ٹرائل کا وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن فیئر ٹرائل کی خلاف ورزی ہے، آرٹیکل ٹین اے ہر شہری کو منصفانہ سماعت کا حق دیتا ہے۔
اس سے قبل خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے وزارت قانون کو خط لکھا تھا جس میں عدالت نے وزارت قانون سے قانونی رائے طلب کی تھی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے خط میں وزارت قانون سے پوچھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت لانے کےلیے کیا کوئی سکیورٹی خدشہ لاحق ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اہم شخصیت اور سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، ان کی سیکیورٹی عدالت کو مدنظر رکھنی پڑے گی۔
خصوصی عدالت کے جج نے خط میں رائے طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو سیکیورٹی خدشات نہیں تو کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں ہی ہوگی۔