اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی سے متعلق درخواست اعتراضات دور کرتے ہوئے 5 اکتوبر کو سماعت کے لئے مقررکردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے بشریٰ بی بی کی اپنے شوہرکی جیل میں سیکورٹی اورتحفظ کے لئے دائر درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ درخواست پر اعتراض لگایا گیا ہے، آپ کی درخواست میں استدعا کیا ہے؟
لطیف کھوسہ نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو خطرہ ہے، ان پر وزیرآباد میں بھی حملہ ہوچکا ہے، جیل میں سکیورٹی اورحقوق کے تحفظ کیلئے درخواست دائرکی ہے۔
جس پر عدالت نے رجسٹرارآفس کے اعتراضات دورکرتے ہوئے درخواست 5 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔