پاکستان ویٹرنز گلوبل کرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا، قومی ٹیم نے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 152 رنز سے شکست دے دی، مصباح الحق نے سینچری اسکور کی اور عبدالقادر نے 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 329 کا ہدف دیا۔
مصباح الحق نے 93 گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسن رضا نے 68، تصور عباس نے 52 اور عبدالرزاق 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 176 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔
پاکستان کے عبدالقادر نے ویسٹ انڈیز اوور 40 کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ ٹورنامنٹ میں 28 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر رہے۔
مہمان خصوصی کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ندیم عمر اور پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں نے حصہ لیا اور پاکستانی ٹیم 9 میچز جیت کر ناقابل شکست بھی رہی۔