Aaj Logo

شائع 02 اکتوبر 2023 01:08pm

سستا تیل: پاکستان اور روس کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے شروع ہوں گے

پاکستان اور روس کے درمیان سستے تیل کے معاہدے کے حوالے سے مذاکرات آئندہ ہفتے شروع ہوں گے، جس میں شرکت کے لئے پاکستان وفد 9 اکتوبر کو روس پہنچے گا۔

ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ روس سے سستے تیل کی درآمد کے حوالے سے پاکستان اور روس کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے شروع ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں شرکت کے لئے پاکستان وفد 9 اکتوبر کو روس پہنچے گا، اورتیل اورگیس کی خریداری کےطویل المدتی معاہدے پربات چیت کرے گا۔

ذرائع وزارت توانائی کے مطابق پاکستان روس سے 60 ڈالر فی بیرل تیل کی خریداری کی تجویز دے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2026سے طویل المدتی ایل این جی درآمد معاہدہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، جب کہ پاکستان عالمی پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی معاہدہ کرے گا، اور معاہدہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو فی بیرل 10 ہزار روپے سستا تیل ملے گا۔

مزید پڑھیں: سستا خام تیل، گیس کی خریداری کیلئے پاک روس مذاکرات کا آغاز

واضح رہے کہ خام تیل کے بعد روس نے پاکستان کو گیس بھی مہیا کردی ہے، اور گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو ہی روس سے پاکستان کو ایک لاکھ میٹرک ٹن ایل پی جی گیس کی بڑی کھیپ موصول ہوئی تھی، جس کی تصدیق روسی سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر کی تھی۔

پاکستان کو روس سے پہلی کھیپ ایران کے رخس اسپیشل اکنامک زون کے ذریعے فراہم کی گئی۔

Read Comments