Aaj Logo

شائع 02 اکتوبر 2023 11:17am

پرواز میں سوار 2 ڈاکٹروں نے چھ ماہ کے بچے کی جان بچالی

بھارت میں رانچی سے دہلی جانے والی پرواز میں سوار دو ڈاکٹروں نے پیدائشی طور پر دل کی بیماری میں مبتلا چھ ماہ کے بچے کو بچا لیا۔

بچے کے والدین اسے علاج کے لئے دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) لے جا رہے تھے۔ تاہم جہاز ٹیک آف کے فورا بعد ہی بچے اسےسانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

پریشان والدین نے عملے کو صورتحال سے آگاہ کیا اور پرواز میں کسی بھی ڈاکٹر کے سوار ہونےسے متعلق جاننے کے لیے اعلان کیا گیا۔

اعلان کے بعد فوری طورپررانچی صدر ہاسپٹل کے ڈاکٹرمزمل فیروز اور ایک آئی اے ایس افسر ڈاکٹر نتن کلکرنی فوراً مدد کو آگے آئے۔

ڈاکٹروں نے بالغوں کے لئے بنائے گئے ماسک کا استعمال کرتے ہوئے بچے کو آکسیجن کی فراہمی فراہم کی۔ میڈیکل ریکارڈ چیک کرنے کے بعد تھیوفیلین انجکشن سمیت دیگر ایمرجنسی ادویات بھی دی گئیں۔ والدین کے پاس ڈیکسونا انجکشن بھی تھا جس سے صورتحال کو سنبھالنے میں مدد ملی۔

ڈاکٹر کلکرنی نے بتایا کہ، ’بچے کی ماں رو رہی تھی کیونکہ وہ سانس لینے کے لیے تڑپ رہا تھا۔ ڈاکٹر مزمل اور میں نے بچے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سنبھالی۔ اسے بالغوں کے ماسک کے ذریعے آکسیجن فراہم کی گئی کیونکہ بچوں کا ماسک یا کینولا دستیاب نہیں تھا‘۔

ہنگامی ادویات اور آکسیجن کی مدد دینے کے بعد بچے میں بہتری کی کچھ علامات ظاہر ہوئیں۔ ڈاکٹرزکے مطابق پہلے 15-20 منٹ بہت اہم اور دباؤ والے تھے کیونکہ پیش رفت کا اندازہ لگانا مشکل تھا۔ تاہم تھوڑی ہی دیر میں بچے نے آوازیں نکالنا اور آنکھیں کھولنا شروع کیں جس سے والدین کو بڑی راحت ملی۔

میڈیکل ریکارڈ چیک کرنے پر علم ہوا کہ بچہ پیدائشی طور پر دل کی بیماری، پیٹنٹ ڈکٹس آرٹیریوسس (پی ڈی اے) کا شکار تھا۔

ڈاکٹروں نے ترجیحی لینڈنگ اور مکمل طبی امداد کی درخواست کی۔ پرواز ایک گھنٹے کے بعد اتری جس کے بعد بچے کو میڈیکل ٹیم کے حوالے کر دیا گیا۔

صورتحال کا مشاہدہ کرنے والے ایک ساتھی مسافر نے ڈاکٹروں کو مبارکباد دینے کے لئے ایکس کا سہارا لیا۔

اے ایس دیول نامی مسافرنے ایکس پر لکھا، ’ڈاکٹر خدا کے بھیجے ہوئے فرشتے ہیں۔ آج، میں نے انڈیگو [فلائٹ] میں بچے کو بچاتے ہوئے دیکھا۔ جھارکھنڈ کے گورنر ہاؤس کے آئی اے ایس ڈاکٹر نتن کلکرنی نے بطور ڈاکٹر اپنا کردار ادا کیا اور بچے کو بچایا۔ آپ کو سلام‘۔

Read Comments