ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں اب نہ تو پارلیمنٹ بند ہوتی ہے اور نہ ہی بغاوتیں کامیاب ہوتی ہیں۔
صدر اردوان نے وزارت داخلہ کے قریب خودکش حملے کے کچھ دیر بعد پارلیمانی اجلاس میں شرکت کی، جو اس پارلیمنٹ بلڈنگ میں منعقد کیا گیا تھا جو دھماکے کی جگہ سے کچھ ہی دور تھی۔
پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں صدر اردوان نے کہا کہ دہشت گرد ترکیہ میں اپنے مقاصد کبھی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’انقرہ میں آج ہوئی دہشت گردی کی کارروائی، جس میں پولیس کی بروقت مداخلت کی بدولت دو مجرموں کو ختم کر دیا گیا، دہشت گردی کی آخری لہر ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ امن اور شہریوں کی سلامتی کو تباہ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدر اردوان نے کہا کہ اب ہم ایسے ملک میں نہیں رہتے جہاں پارلیمنٹ بند ہوئی اور بغاوتیں ہوئیں، ہمارا نیا فرض اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہمارے پاس ایک نیا سویلین آئین ہو۔