ضلع گجرات میں نیکیاں فروخت کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، جو 10 ہزار روپے میں 1 کھرب نیکی کی رسیدیں تقسیم کر رہا تھا۔
پنجاب کے ضلع گجرات میں منفرد کیس سامنے آیا ہے جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو رقم کے عوض نیکیاں فروخت کرتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق گجرات کے محلہ رنگ پورہ کا رہائشی نوسر باز ذوالفقار گلیانہ کے علاقے میں لوگوں میں 10 روپے میں 1 لاکھ نیکیاں، 100 روپے میں 1 کروڑ، ایک ہزار میں 1 ارب اور 10 ہزار میں 1 کھرب نیکی کی رسیدیں تقسیم کر رہا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جعلی پیر ذوالفقار علاقے میں واقع حاکم دین کے دربار کے نام سے منسوب چیک بک سے رقم کے عوض ایک رسید دیتا تھا۔
گلیانہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف بھیک مانگنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے پنجاب ویگرینسی آرڈینینس 1958/9 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔