کنڈل ہائی وے پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کرنے والے اور پولیس فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے، دونوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیس نے جواں مردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق میانوالی میں کنڈل پولیس چوکی پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور چوکی پر قبضے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے، جن کی شناخت ہوگئی ہے۔
حکام سی ٹی ڈی نے بتایا کہ پولیس کی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا۔
حکام کے مطابق دہشت گرد زبیر نواز لکی مروت میں کالعدم ٹی ٹی پی کے امیر ارشد نوازکا بھائی تھا، اور پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل عام، بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔
حکام سی ٹی ڈی نے بتایا مارے گئے دوسرے دہشت گرد کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی ہے، جو کالعدم ٹی ٹی پی کے اسی گروپ کا سرگرم رکن تھا۔
حکام نے بتایا کہ دہشت گرد محمد خان مارے گئے زبیر نواز سے بھی زیادہ خطرناک تھا۔ دونوں دہشت گردوں کی شناخت انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جدید سافٹ وئیرز کی مدد سے ہوئی ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ کنڈل چیک پوسٹ پر حملے کو پولیس نے ناکام بنایا، شہید جوان کا فوری بدلہ لیتے ہوئے 2 دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے جواں مردی سے دہشت گردوں کامقابلہ کیا، میانوالی کی غیور عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے وہ پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ انٹیلی جنٹس ایجنسیاں جاگ رہی ہیں اور پولیس الرٹ تھی۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے پولیس مشترکہ سرچ آپریشن کررہے ہیں، آرمز فورسز بھی ساتھ دے رہی ہیں۔