Aaj Logo

شائع 28 ستمبر 2023 11:25pm

نازیوں کے چنگل سے یہودی پروفیسر کو بچانے کیلئے بنایا گیا آئن سٹائن کا پلان منظر عام پر

حال ہی میں مشہور طبیعیات دان البرٹ آئن سٹائن کا ایک خط منظر عام پر آیا ہے جس میں انہوں نے ایک یہودی پروفیسر کو نازیوں سے بچانے کا پلان ترتیب دیا تھا۔

اکتوبر 1933 میں تحریر کیے گئے اس خط سے پتا چلتا ہے کہ اسکاٹش فلسفی ولیم ڈیوڈ راس نے آئن سٹائن سے اپیل کی تھی کہ نازیوں کے ذریعہ نشانہ بنائے گئے یہودی جرمن فلسفی پروفیسر جولیس سٹینزل کو بچانے میں مدد کریں۔

اس وقت، سٹینزل نازی جرمنی کے غیر مستحکم سیاسی ماحول میں پھنسے ہوئے تھے۔

ابتدائی طور پر 1930 میں سٹینزل نے کیل کی کرسچن البرچٹس یونیورسٹی میں ملازمت کرتے ہوئے کئی نازی طلباء کو ادارے سے بے دخل کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔

تاہم، ان کا یہ عمل ایک طالب علم کی طرف سے احتجاج اور اس کے نتیجے میں ان کی عارضی چھٹی کا باعث بنا۔

سٹینزل پروفیشنل سول سروس ایکٹ کا شکار ہو گئے، یہ قانون نازیوں نے عوامی عہدوں کو یہودیوں سے پاک کرنے کے لیے وضع کیا تھا۔

اس کے بعد انہیں ہالے یونیورسٹی میں منتقل کر دیا گیا، جو کہ نازی دور میں سیاسی اثرات کا سامنا کرنے والے اسکالرز کے لیے ایک عام سزا تھی۔

آئن سٹائن جو ایڈولف ہٹلر کے اقتدار میں آنے کے بعد جرمنی سے فرار ہو گئے تھے، اُس وقت برطانیہ میں نورفولک میں مقیم تھے، انہوں نے فلسفی ولیم راس کو ایک خط لکھا۔

خط میں آئن اسٹائن نے ولیم راس سے درخواست کی کہ وہ سٹینزل کو برطانوی حفاظت میں لانے میں ان کی مدد کریں، جہاں سٹینزل ایک گیسٹ لیکچرار کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔

آئن سٹائن نے سٹینزل کی خیریت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور قدیم یونانی سائنس کی تاریخ کے میدان میں ان کی اہم شراکت کو اجاگر کیا۔

آئن سٹائن نے خط میں لکھا، ’زیورخ یونیورسٹی کے پروفیسر زنگر نے مجھ سے کہا کہ میں آپ کو کیل میں پروفیسر سٹینزل کے بارے میں آگاہ کروں، جو اپنا عہدہ کھو بیٹھے ہیں۔ وہ قدیم یونان میں سائنس کی تاریخ پر تحقیق کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ان کو مہمان لیکچرر کے طور پر انگلینڈ یا امریکہ وہاں مدعو کرنے کا کوئی امکان ہے؟‘

آئن سٹائن کی پرجوش درخواست کے باوجود، سٹینزل کبھی بھی نازی جرمنی سے فرار ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور ہالے میں ہی رہتے ہوئے 1935 میں انتقال کر گئے۔

تاہم، ان کی یہودی بیوی 1939 میں کامیابی کے ساتھ امریکہ ہجرت کر گئیں، جہاں وہ اپنے بیٹے یوآخم کے ساتھ کیلیفورنیا میں آباد ہو گئیں۔

آئن سٹائن کا جرمن زبان میں لکھا گیا خط، ونسٹن چرچل اور چارلس ڈی گال جیسی نامور شخصیات کی طرف سے ولیم راس کو بھیجے گئے خطوط کے مجموعے کے ساتھ نیلام ہونے والا ہے۔ یہ انمول تاریخی نمونہ نیلامی میں 6,000 پاؤنڈ میں فروخت ہونے کی توقع ہے۔

ولیم راس کی بیٹی کیتھرین راس کے خاندان کی طرف سے آکسفیم کو عطیہ کیا گیا یہ مجموعہ دنیا بھر میں غربت سے نمٹنے کے لیے تنظیم کے مشن میں حصہ ڈالے گا۔

Read Comments