محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم داعش کے 4 سہولت کار گرفتار کرلیے۔ خیبرپختونخوا سے سیاستدانوں کو بھتے کے لیے کالز کرنے والے 2 بھتہ خور بھی پکڑے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم داعش کے 4 سہولت کاروں کو سیفن چوک بڈھ بیڑ سے گرفتار کیا گیا۔
محکمہ انسداد دہشتگردی کے حکام کا کہنا ہے کہ چاروں سہولت کاروں کا تعلق افغانستان سے ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت 10 وارداتوں میں ملوث تھے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ٹیرر فنانسنگ یونٹ عمران شاہد نے پشاور پولیس لائن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی مردان ریجن کی کارروائی میں کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گرد گرفتار کئے گئے ہیں جو علاقے میں بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
عمران شاہد نے انکشاف کیا کہ ملزمان سیاستدانوں کو بھی بھتے کے لیے کالز کرتے تھے۔ بھتہ خوروں میں ایک کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے۔
ملزمان سے موبائل فونز اور مختلف کاروباری حضرات کے وزٹنگ کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔
دہشت گرد کالعدم تنظیم کے نام سے افغانستان کے نمبر سے واٹس ایپ کال کرتے تھے اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں دھمکی آمیز فون پر جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے تھے۔
عمران شاہد نے بتایا کہ ملزمان کےخلاف 28 تحریری شکایات درج ہیں جبکہ گروپ کی طرف سے لوگوں پر مختلف دستی بم حملوں، فائرنگ اور آئی ای ڈی سے 2 افراد جاں بحق اور 5 خاندان متاثر ہوچکے ہیں۔