وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافہ کردیا گیا۔ وزارت داخلہ نے جرمانوں میں اضافےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم از کم جرمانہ 500 روپے ہوگا۔
تیز رفتاری پر موٹر سائیکل سوار کو 1000روپے جرمانہ ہوگا، موٹر کار کو 1500 روپے جبکہ پی ایس وی وہیکل کو 2000 روپے جرمانہ ہوگا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ایچ ٹی وی وہیکل کو2500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، کالے شیشوں کے استعمال پر 1500روپے جرمانہ ہوگا۔
غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر 2000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، کم عمر ڈرائیور پر 2500 روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
ترجمان کے مطابق غیر قانونی پارکنگ پر 1000روپے اور ون ویلنگ پر 5000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر 1000روپے اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 2000 روپے جرمانہ ہوگا۔