Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2023 04:15pm

قبرستان کی جگہ شادی ہال کی خبر غلط، دکانیں ہماری ہیں، خاور مانیکا کا اعتراف

بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کا کہنا ہے کہ قبرستان کی جگہ شادی ہال بنانے کی خبر بے بنیاد ہے، تاہم دکانیں ہماری ہیں۔ بشریٰ بی بی کے شوہر کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے حوالے کردیا گیا۔

عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور مجھے نہیں پتہ کہ یہ کیا اور کیوں ہورہا ہے۔

خاور مانیکا سے سوال کیا گیا کہ آپ پر الزام ہے کہ حویلی لکھاں میں قبرستان کی جگہ پر قبضہ کرکے شادی ہال یا اپارٹمنٹ اور 20 سے 25 دکانیں بنائی گئی ہیں۔ جس پر خاور مانیکا نے اعتراف کیا کہ دکانیں ہماری ہی ہیں لیکن وہ 60 سال سے پہلے کی ہیں اور تاحال کچی ہیں، کیوں کہ قبرستان سے ملحقہ ہیں۔

خاور مانیکا نے کہا کہ حویلی لکھاں میں قبرستان کی جگہ پر قبضے کا الزام بے بنیاد ہے، وہاں کوئی پلازہ یا اپارٹمنٹ نہیں بن رہا بلکہ ایک مزار کی تعمیر کی جارہی ہے۔

خاور مانیکا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے حوالے

اینٹی کرپشن کےمقدمے میں نامزد ملزم خاور مانیکا کواوکاڑہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، اینٹی کرپشن پولیس نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی کی استدعا کی۔

عدالت نے خاور ماینیکا کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منطور کرتے ہوئے انہیں اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کردیا۔

ریمانڈ ملتے ہی اینٹی کرپشن کی ٹیم خاور مانیکا کو لے کر ساہیوال روانہ ہوگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کاور مانیکا کو ناجائز تعمیرات کے الزام میں لاہور ائر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔

Read Comments