Aaj Logo

شائع 25 ستمبر 2023 06:09pm

کامسیٹس یونیورسٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن ختم کر دی گئی

کامسیٹس یونیورسٹی کے پینشن اکاؤنٹ میں پانچ ارب روپے کا خسارہ آنے کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ختم کر دی گئی، پینشن کی فراہمی کے لئے 5 اکتوبر کو صدر مملکت کی زیر صدارت یونیورسٹی انتظامیہ کا اجلاس ہوگا۔

اسلام آباد میں سینیٹر شفیق ترین کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، جس میں کامسیٹس یونیورسٹی کے پینشن اکاؤنٹ میں 5 ارب روپے کے خسارے کا معاملہ زیر بحث لایا گیا۔

قائمقام ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ 2032 کے بعد موجودہ ملازمین بڑے پیمانے پرریٹائرڈ ہوجائیں گے، 2032 میں پینشن فنڈ کی مد میں 6.5 ارب روپے کی ضرورت ہوگی، جبکہ 9 سال بعد یونیورسٹی فنڈ میں پینشن کی مد میں 1.5 ارب خرچ ہونگے۔

یاد رہے کہ کامسیٹس یونیورسٹی میں 2250 ملازمین پینشن پر ہیں، اس وقت یونیورسٹی کے 121 پینشنرز ہیں، کامسیٹس یونیورسٹی نے ملازمین کی پینشن ختم کردی ہے۔

ملازمین کی پینشن بحالی کے لئے یونیورسٹی کی سینیٹ کا اجلاس 5 اکتوبر کو صدر مملکت کی زیر صدارت ہوگا، جس میں حکومت پاکستان سے درخواست کی جائے گی کہ پینشن کیلئے 5 ارب روپے کی رقم دیں۔

پینشن شروع کرتے وقت بورڈ آف گورنرز نے اسسمنٹ نہیں کی، چئیرمین کمیٹی نے اجلاس میں کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی قائمہ کمیٹی کی ہدایات پر عمل نہیں کررہی۔

یہ بھی پڑھیں :

اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلبا کا سڑک پر بستر رکھ کر احتجاج

اسلامیہ یونیورسٹی: جنسی زیادتی،نازیباویڈیوز کی منظم سرگرمی کا سراغ نہیں ملا، رپورٹ

کمیٹی نے ڈاکٹر اشفاق کھوسہ اور دیگر ملازمین کے ساتھ ناانصافی دور کرنے کا کہا تھا، کمیٹی نے یونیورسٹی کے فنائنشل آڈٹ اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے سب کمیٹی قائم کردی، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور سینیٹر ہمایوں مہمند کمیٹی میں شامل ہونگے۔

Read Comments