سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کو ناجائز تعمیرات کے الزام میں لاہور ائر پورٹ سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے لاہور کی مقامی عدالت میں خاور مانیکا کو پیش کیا، عدالت نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ناجائز تعمیرات کے الزام پر خاور مانیکا کو گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ خاور فرید مانیکا نے قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال اور 26 دکانیں تعمیر کیں جب کہ وہ یک عرصے سے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی زمین پر ناجائز قابض بھی ہیں۔
اینٹی کرپشن پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ شادی ہال بغیر منظوری نقشہ قبرستان کی 4 کنال اراضی پر بنایا گیا، انہیں ملک سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل خاور مانیکا لاہور سے امارات ائیر لائن کے ذریعے دبئی جا رہے تھے کہ انہیں ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام شامل ہونے کی بنا پر روکا گیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ خاور مانیکا لاہورعلامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔ جب کہ خاور مانیکا پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔
واضح رہے کہ خاوید فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔
ریفرنس کے مطابق خاور فرید مانیکا نے شادی ہال اور دکانوں کا حکومت کو ٹیکس دیا نہ محکمہ اوقات کو کوئی معاوضہ دیا جس کی مالیت لاکھوں میں ہے۔
اینٹی کرپشن نے اس ریفرنس پر خاور فرید مانیکا کو گرفتار کیا ہے، ان پر سرکاری خزانے 13 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔