لال حویلی ملکیتی تنازعہ کیس میں چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے شیخ صدیق کی لال حویلی سیل کیے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
شیخ صدیق کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار رازق عدالت میں پیش ہوئے جب کہ عدالت نے چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو نوٹسز جاری کردیے۔
جسٹس چوہدری اقبال نےلال حویلی کیس جسٹس جواد حسن کی عدالت منتقل کردیا، عدالت نے کہا کہ جسٹس جواد حسن پہلے بھی لال حویلی کا کیس سن چکے ہیں۔
عدالت نے لال حویلی ملکیتی تنازعہ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے متروکہ وقف املاک نے سبراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی لال حویلی اور اس سے ملحقہ مندر کو خالی کروا کر سیل کردیا تھا۔