نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور آئی ایم ایف کی سربراہ کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی ہے جس میں آئی ایم ایف نے امیروں پر مزید ٹیکس عائد کرنے پر زور دیا۔
آئی ایف ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کی ایک تصویر اور اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی امکانات پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے بہت مثبت ملاقات ہوئی، ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ استحکام، سب کی شمولیت سے پائیدار ترقی، ریونیو جمع کرنے کو ترجیح دینے اور غریب طبقے کے تحفظ کیلیے مضبوط پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات تعمیری رہی۔
ملاقات کے بعد پاکستان کے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان سے صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ امیروں سے مزید ٹیکس لیے جائیں اور غریبوں کو تحفظ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہی وہ بات ہے جو پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں۔