پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف انشاء للہ 21 اکتوبر کو وطن واپس آرہے ہیں، پاکستان کے تمام منصوبے نواز شریف کے دیے ہوئے ہیں، مجھے خوشی ہے پشاور کے لوگوں کے پاس بھی میٹرو بس ہے، انتقام پر نہ میں یقین رکھتی ہوں اور نہ نواز شریف۔
مریم نواز شریف نے لاہور میں مسلم اسٹوڈنس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کی تقریب سے خطاب کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا 21 اکتوبر کیلئے ایک ہی نعرہ ’امید سے یقین تک، پاک سر زمین تک‘ ہوگا، 100 دن میں پارٹی قائد کی آواز نگر نگر پہنچ گئی ہے، پرویز مشرف دور میں والد صاحب کو جیل میں رکھا گیا تو والدہ نے باہر قدم رکھا۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر کا کہنا ہے کہ وہ خود 5، 5 ماہ ڈیتھ سیل میں گزار کر آئی ہیں، 200 کے قریب پیشیاں بھگت کر میں آپ کے سامنے کھڑی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ انتقام پر نہ میں یقین رکھتی ہوں اور نہ نواز شریف، جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی آج وہ عوام میں نکلنے کے قابل نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی 4 سال حکومت میں ڈالر 97، 98 روپے پر رہا، نواز شریف کو اقامہ کے کیس پر نکالا گیا اور آج تک ملک ترقی نہیں کرسکا۔