Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2023 02:19pm

چنگچی لوڈر کے ذریعے ہدف تک بارودی مواد پہنچانے کا منصوبہ ناکام

تحصیل باڑہ نالہ خوڑمیں چنگچی لوڈر سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا جسے ناکارہ بنا دیا گیا ہے، جب کہ لوڈر کے ڈرائیور کو گرفتارکرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

خیبر پختون خوا کی تحصیل باڑہ نالہ خوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے چنگچی لوڈر سے بارودی مواد برآمد کرکے چنگچی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق باڑہ میں ملک دین خیل نالہ میں سیکیورٹی فورسز نے چنگچی کے مشکوک ڈرائیور کو روکا اور چیکنگ میں چنگچی لوڈر میں نصب بارودی مواد برآمد ہوا۔

سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا، جس نے موقع پر پہنچ کر بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔

ڈی پی او کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے چنگچی میں بارودی مواد نصب کرکے گھاس سے چھپا رکھا تھا، جسے ممکنہ طور پر خودکش حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تخریب کاری کا یہ منصوبہ باکام بنا دیا گیا۔

ڈی پی او کے مطابق ممکنہ خودکش حملہ آور رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے بارودی مواد اور رکشے سمیت فرنٹیئر کور حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، اور دہشت گرد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

Read Comments