Aaj Logo

شائع 19 ستمبر 2023 08:55pm

کراچی میں 8 ماہ کے دوران 1599 بچے اغواء اور لاپتہ ہونے کا انکشاف

کراچی میں بچوں کے اغواء اور لاپتہ ہونے کے پے درپے واقعات نے خوف کی لہر پیدا کردی۔

اعداد و شمار میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی میں 8 ماہ کے دوران 1599 بچے اغواء اور لاپتہ ہوئے، جن میں سے ایک ہزار 81 بچوں کو بازیاب کرالیا گیا تاہم 518 بچوں کا تاحال سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔

گزشتہ سال بچوں کے اغواء اور لاپتہ ہونے کے کل ایک ہزار 64 واقعات رپورٹ ہوئے تھے جن میں 209 کا آج تک سراغ نہ لگایا جاسکا۔

ایڈیشنل آئی جی خادم حسین رند کی آج نیوز سے خصوصی گفتگو

دوسری جانب کراچی میں بچوں کے اغواء اور لاپتہ ہونے کے واقعات میں ہوشربا اضافے پر ایڈیشنل آئی جی خادم حسین رند نے آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 3 سے 4 سال میں کوئی کریک ڈاؤن ان کے خلاف نہیں کیا گیا، ہم بہت جلد اسی سلسلے میں گدا گروں کے خلاف کارروائی کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے اسپتال انتظامی فقدان کے باعث ایسے واقعات کا شکار بنتے ہیں۔

ساڑھے 3 سالہ محمد حسین کے کیس کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ متاثرہ فیملی رابطہ کریں جلد کیس کو حل کریں گے۔

خادم حسین رند نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر اپنے ارد گرد ایسے واقعات دیکھے تو فوری متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔

Read Comments