Aaj Logo

شائع 19 ستمبر 2023 03:27pm

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے ٹرانسفرز پوسٹنگ پر پابندی کا حکم نامہ ہوا میں اڑا دیا

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے نگران حکومت کی جانب سے ٹرانسفرز پوسٹنگ پر پابندی کا حکم نامہ ہوا میں اڑا دیا۔ پشاور میں روزانہ کی بنیاد پر دیگر اضلاع سے ٹرانسفرز کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

روزانہ کی بنیاد پر جاری ٹرانسفر پوسٹنگ سے تنگ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور نے ڈپارٹمنٹ کو شکایتی مراسلہ لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اتنے لوگوں کو کہاں اور کیسے ایڈجسٹ کریں؟

خط میں کہا گیا کہ دوسرے اضلاع سے پشاور ٹرانسفرز شہر کے رہائشیوں کے ساتھ زیادتی ہے۔

مراسلے کے متن کے مطابق اتنی ٹرانسفرز پوسٹنگز ہوگئیں کہ ناصرف مستقبل میں پشاور میں مشتہر پوسٹوں کے لیے بھی جگہ نہیں ہوگی بلکہ اقلیتی اور ڈسیبل کوٹہ بھی متاثر ہورہا ہے۔

ماہرین تعلیم کا مؤقف

ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ انٹر ڈسٹرکٹ ایسی اور اتنی بڑی تعداد میں ٹرانسفر پوسٹنگ ڈائریکٹ تو کیا سیکرٹری ایجوکیشن بھی نہیں کرسکتا، اگر کریں گے بھی تو نگران وزیر اعلیٰ سے اجازت لینے کے بعد۔ لیکن بدقسمتی سے محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میں کوئی پوچھنے والا نہیں اسی لیے ایک ایسا شخص جو ڈائریکٹر بھی نہیں (کیونکہ موجودہ ڈائریکٹر محمد اقبال خان کے پاس مستقبل ڈائریکٹر نہ ہونے تک lookafter چارج ہے) کیسے کرسکتا ہے اور آنے والے وقت میں جب جگہ ہی نہیں بچے گی تو پشاور کے رہائشیوں کو کہاں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

نگران وزیر تعلیم ڈاکٹر قاسم جان کا موقف

ٹرانسفر پوسٹنگ معاملے پر نگران وزیر تعلیم خیبرپختونخوا ڈاکٹر قاسم جان نے آج نیوز کو بتایا کہ ایسے کام نہیں چلے گا، سب کو قانون کے مطابق کام کرنا ہوگا جو قانون پر نہیں چلتا تو وہ چھٹی کرے، من مانیاں نہیں چلنے دیں گے، چیزیں سسٹم کے مطابق چلائیں گے، ضرورت اور قانون کے مطابق محکمہ چلانا ہوگا۔

Read Comments