پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بیل آؤٹ پیکج کے حصول کے لیے یوکرین کو ہتھیاروں کی فروخت سے متعلق غیر ملکی میگزین کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔
یوکرین کو پاکستانی ہتھیاروں کی فروخت کے الزام پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج کے لیے یوکرین کو پاکستانی ہتھیاروں کی فروخت کی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے، پاکستان اس بے بنیاد اور من گھڑت خبر کو مسترد کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات مشکل لیکن ضروری معاشی اصلاحات کے نفاذ کے لیے اسٹینڈ بائی معاہدے پر ہوئے لیکن ان مذاکرات کو کوئی اور رنگ دینا مضحکہ خیز ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان یوکرین اور روس کے درمیان تنازع کے حوالے سے اپنی غیر جانبدارانہ پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، پاکستان کی طرف سے کسی کو کوئی اسلحہ یا گولہ بارود فراہم نہیں کیا گیا، پاکستان کی دفاعی برآمدات ہمیشہ سخت ترین شرائط کے ساتھ ہوتی ہیں۔