ترک صدر رجب طیب اردگان نے ایلون مسک سے ترکیہ میں ٹیسلا کی فیکٹری تعمیر کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ترک خبر ایجنسی کے مطابق رجب طیب اردگان نے ایلون مسک سے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے قریب واقع فلک بوس عمارت ترکش ہاؤس میں ایک ملاقات کے دوران یہ سوال کیا۔
رجب طیب اردگان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ میں ہیں۔
ٹیسلا اور واشنگٹن میں ترک سفارت خانے نے فوری طور پر خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔
ایلون مسک آج کیلیفورنیا میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے بھی ملاقات کریں گے جس میں چیت مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی پر مرکوز ہوگی۔
ٹیسلا نے اگست میں بھارت میں ایک فیکٹری بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا جو کم قیمت میں الیکٹرک کار تیار کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کی اس وقت 6 فیکٹریاں ہیں اور وہ میکسیکو کی شمالی ریاست نیوو لیون میں ساتویں فیکٹری تعمیر کر رہی ہے۔
ایلون مسک نے مئی 2023 میں کہا تھا کہ کمپنی ممکنہ طور پر اس سال کے آخر تک ایک نئی فیکٹری کے لئے جگہ کا انتخاب کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
گاڑی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے ”ایک پر ایک فری“ کی ناقابل یقینشاندار آفر
رواں سال اب تک ٹیسلا کے حصص میں 123 فیصد اضافہ ہوا ہے اور آٹو میکر نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اس نے اپنی 50 لاکھ ویں کار تیار کی ہے۔