گوگل کے شریک بانی سرگئی برن نے ایلون مسک کے ساتھ مبینہ تعلقات کی افواہوں کے بعد اپنی اہلیہ نیکول شناہن کو بطلاق دیدی ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ان کی طلاق کو 26 مئی 2023 کو حتمی شکل دی گئی تھی اور اب وہ اپنی چار سالہ بیٹی کی قانونی تحویل کیلئے کیس دائر کریں گے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ان کی (سابقہ) اہلیہ شناہن نے طلاق کی مخالفت نہیں کی لیکن عدالت سے حمایت کی درخواست کی، جبکہ دیگر معاملات جیسے اٹارنی فیس اور اثاثوں کی تقسیم کو خفیہ ثالثی کے ذریعے حل کیا جائے گا۔
برن اور شناہن نے 2015 میں ڈیٹنگ شروع کی تھی، اسی سال برن نے اپنی پہلی بیوی این ووجکی کو طلاق دی تھی۔
بزنس انسائیڈر کے مطابق انہوں نے 2018 میں شناہن سے شادی کی، تاہم وہ 2021 میں الگ الگ رہنے لگے۔
اس کے بعد، برن نے 2022 میں ”ناقابل مصالحت اختلافات“ کا حوالہ دیتے ہوئے طلاق کے لیے درخواست دائر کی۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق، برن نے اپنے دیرینہ دوست ایلون مسک کے ساتھ شناہن کے مختصر تعلقات کے الزامات کے سامنے آنے کے تقریباً ایک ماہ بعد طلاق کا عمل شروع کیا۔
ایلون مسک اور شناہن دونوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
وال سٹریٹ جرنل کے ایک مضمون کے جواب میں مسک نے 25 جولائی 2022 کو ”ایکس“ پر لکھا، ’سرگئی اور میں دوست ہیں اور کل رات ایک ساتھ پارٹی میں تھے۔ نکول کو تین سالوں میں صرف دو بار دیکھا ہے، دونوں بار آس پاس بہت سے دوسرے لوگ تھے اور دونوں کے درمیانکچھ بھی رومانوی نہیں۔‘
شناہن نے اس اسکینڈل کو ”بالکل کمزور“ قرار دیا اور اصرار کیا کہ وہ اور مسک کبھی بھی دوست سے زیادہ نہیں تھے۔
انہوں نے مسک کے ساتھ رومانوی تعلقات یا افیئر سے انکار کیا۔
اس کی تردید کے باوجود وال اسٹریٹ جرنل اپنے ذرائع پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی رپورٹنگ پر قائم رہا۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق، 50 سالہ برن اس وقت دنیا کے نویں امیر ترین شخص ہیں، جن کی مجموعی مالیت 118 بلین ڈالرز ہے۔
چونتیس سالہ شناہن کیلیفورنیا میں مقیم اور ایک اٹارنی ہیں اور ”بیا ایکو“ نامی فاؤنڈیشن کی بانی اور صدر ہیں۔