سوات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں سابق تحریک طالبان سوات کا خواتین کو کوڑے مارنے والے گروپ کا دہشت گرد کمانڈر مارا گیا۔
پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے 7 ستمبر 2023 کو خفیہ اطلاعات پر فضا گٹ سوات میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں سابقہ تحریک طالبان سوات کا کمانڈر نیک محمد عرف نیکو عرف عمر ہلاک ہو گیا۔
ہلاک دہشتگرد کمانڈر نیک محمد سابقہ تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا، اور سوات میں عسکریت پسندی کے ابتدائی دنوں میں تحریک طالبان سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کا رہنما تھا۔
دہشتگرد نیک محمد سوات میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف درجنوں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا، اور سوات میں آپریشن راہ راست کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ افغانستان فرار ہو گیا تھا۔
دہشت گرد نیک محمد رواں سال کے اوائل میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے ساتھ چھپ کر واپس سوات پہنچا، اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ اور کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے بھتہ وصولی شروع کر دی۔
دہشت گرد نیکو نے جون 2023 میں اپنے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ مینگورہ سبزی منڈی کے قریب دو پولیس کانسٹیبلز کو بے دردی سے نشانہ بنایا، جب کہ سوات میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لئے خودکش حملہ اور آئی ای ڈی کے ذریعے ڈی پی او سوات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا۔
تاہم پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے وادئ سوات میں دہشتگردی میں ملوث کسی بھی فرد یا تنظیم کا قلع قمع کرنے کے لئے متحرک ہیں۔