سری لنکا میں کھیلے جارہے ایشیا کپ 2023 کا فائنل کل سری لنکا اور بھارت کے درمیان کولمبو میں کھیلا جائے گا، اس ایونٹ کے اب تک منعقد ہونے والے 15 ایڈیشنز میں سری لنکا 12 مرتبہ فائنل کا حصہ رہا ہے جبکہ بھارت 10 مرتبہ فائنل میں پہنچا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) کے تحت 1984 میں شروع ہونے والے ایشیا کرکٹ ٹورنامنٹ 2023 کا ایڈیشن ایشیا کپ کا 16 واں ایڈیشن ہے۔
ایشیا کپ ٹائٹل جیتنے کی فہرست میں بھارت 7 ٹرافیوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سری لنکا 6 مرتبہ ایشیا کپ کا تاج اپنے سر پر سجانے میں کامیاب رہا ہے۔ پاکستان صرف 2 مرتبہ ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب ہوا۔
ایشیا کپ سپر فور کے آخری میچ میں بنگلادیش کے ہاتھوں بھارت کو 6 رنزسے شکست
ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان ٹیم کو ایک اوردھچکا
سنسنی خیز میچ میں سری لنکا 2 وکٹ سے کامیاب، پاکستان ایشیا کپ سےباہر
ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت 10، سری لنکا 12، پاکستان 5 اور بنگلہ دیش 3 مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، افغانستان اور نیپال ابھی تک فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔نیپال نے پہلی مرتبہ ایشیا کپ 2023 کے ایڈیشن میں حصّہ لیا۔
ادھر ایشیا کپ چیمپیئن بننے میں بھارت سر فہرست ہے جس نے 10 مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کر کے 7 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا جب کہ وہ صرف 3 مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا اس اعتبارسے بھارت ایشیا کپ میں اتوار کے فائنل کے لیے بھی موسٹ فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
اتوار کے میچ میں بھارت کے مد مقابل سری لنکا کی ٹیم ہے جو سب سے زیادہ ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم ہے، سری لنکا اب تک 12 مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے تاہم اس کے فائنل جیتنے کی شرح بھارت کی نسبت کم ہے۔
سری لنکا کی ٹیم نے 12 مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی اور اس نے 12 میں سے 6 مرتبہ فائنل جیت کر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، اتوار کو بھارت کے خلاف میچ میں اگر سری لنکا کی ٹیم کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو پھر سری لنکا بھی 7 مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت کر بھارت کے ہم پلہ آ جائے گا۔
دوسری اہم بات یہ ہےکہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے 15 ایڈیشنز میں بھارت اور سری لنکا ایشیا کپ کے فائنل میں 8 مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں۔
ایشیا کپ 2023 کا فائنل اتوار کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ٹیمیں آخری بار ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں جس میں روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے سری لنکا کو 41 رنز کی شکست دی۔
جمعہ کو بنگلہ دیش کی ٹیم کے خلاف مایوس کن شکست کے بعد بھی بھارت فائنل میچ کھیلنے میں کامیاب ہوا۔ بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنی پلیئنگ الیون میں 5 تبدیلیاں کرتے ہوئے ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا، محمد سراج، جسپریت بمراہ اور کلدیپ یادو کو آرام دیا تھا۔ ان کی جگہ تلک ورما، محمد شامی، پرسدھ کرشنا، سوریہ کمار یادو اور شاردل ٹھاکر کو شامل کیا گیا تھا۔