Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2023 10:42pm

کئی شہروں میں ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے، مسافروں سے جھگڑے

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹرز نے من مانے کرائے بڑھا دیے ہیں۔

کرایہ بڑھائے جانے کے بعد مسافروں اور ٹرانسپورٹروں میں بحث و تکرار اور ہاتھا پائی کے واقعات عام ہوگئے ہیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ اندرون شہر چلنے والی ٹرانسپورٹ نے فی اسٹاپ 10 روپے جبکہ 15 کلو میٹر سے زائد پر 20 روپے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔

شہریوں کا شکوہ ہے کہ ٹریفک پولیس بھی خاموش تماشائی بن چکی ہے۔

کراچی سے لاڑکانہ کیلئے کرایہ دو سو روپے اضافے سے 1700 ہوگیا۔

کراچی سے حیدرآباد سو روپے اضافے کے بعد کرایہ 700 روپے پر جا پہنچا ہے جبکہ ٹنڈو اللہ یار کا کرایہ دو سو روپے اضافے کے بعد 1600 کردیا گیا۔

مختلف شہروں میں روز گار کیلئے آنے والے افراد کہتے ہیں مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، اب تو گھر جانا بھی مشکل لگ رہا ہے۔

لاہور سے دوسرے شہروں کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 200 سے 300 روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔

لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 800 سے بڑھا کر 1100 روپے فی سواری کر دیا گیا۔

لاہور سے کراچی کیلئے بس کا کرایہ 5200 سے بڑھا کر 5500 روپے ہو گیا۔

شہر میں چلنے والے رکشہ والوں نے بھی کرایوں میں 50 سے 100 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں مزید اضافے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

لاہور ہائیکورٹ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اقدام چیلنج

پشاور میں بین الاضلاع اور بین الصوبائی ٹرانسپوٹ کرایوں میں بیس سے پانچ سو روپے اضافہ کردیا گیا۔

شہریوں نے پیٹرولیم منصوعات میں اضافے کے بعد کرایوں میں اضافہ کو مسترد کردیا ہے، کہتے ہیں حکومت کسی کی بھی ہو بوجھ مسلسل غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔

کوئٹہ میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ میں دس سے بارہ فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔

Read Comments