نگراں حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد عوام کی پہلے سے نکلتی چیخیں مزید بلند ہوگئی ہیں، لیکن ایسے میں عوام کو شدید گرمی میں ٹھنڈی ہوا کے جھونکے کے مصداق ایک سایسی جماعت کی جانب سے آسرا دیا گیا ہے، اور وہ یہ کہ ’پیٹرول آدھی قیمت پر‘ فراہم کیا جائے گا۔
نگراں حکومت کے حالیہ اعلان کے بعد پیٹرول فی لیٹر 26 روپے 2 پیسے اور ڈیزل 17 روپے 34 پیسے مزید مہنگا کردیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 38 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اور اس اعلان کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ایک وعدہ نمودار ہوا، جس میں کہا گیا کہ موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول آدھی قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔
یہ وعدہ جہانگیر ترین کی نومولود سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے کیا گیا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے ”ایکس“ پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
لیکن اس سے پہلے کہ آپ جماعت اور جماعت کے قائد کے حق میں زندہ باد کا نعرہ لگاتے پیٹرول پمپ پہنج جائیں، جان لیں کہ ”آدھی قیمت میں پیٹرول“ کی یہ آفر آئی پی پی کے انتخابی منشور کا حصہ ہے اور پی ٹرول آدھی قیمت میں انتخابات کے بعد ہی ملے گا، وہ بھی اس شرط پر کہ آئی پی پی الیکشن جیت جائے، اس کے بعد بھی ضروری نہیں کہ وعدہ وفا کیا جائے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے آئی پی پی کے اس وعدے کو ”لالی پاپ“ قرار دیا جارہا ہے۔