Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2023 07:18pm

نواز شریف کا تاریخی استقبال ہوگا ’ہمارے پاس قیادت بھی ہے، ایجنڈا، ٹیم اور اخلاص وعزم بھی ہے‘

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واہپسی پر ان کے استقبال کی تیاریاں رانا ثنا اللہ کو سونپ دی گئیں۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس قیادت بھی ہے، ایجنڈا بھی ہے، ٹیم بھی ہے اور اخلاص وعزم بھی ہے۔

مریم نواز نے اسلام آباد میں کشمیر، گلگت بلتستان کی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ چار سال میں پاکستان کی معیشت کی بنیادیں ہلا دی گئیں۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے قوم سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا، پاکستان کے اتحاد، مفاد اور ترقی کا نام نوازشریف ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف ہی وہ واحد قائد ہے جس پر وفاق کو اعتماد ہے،21 اکتوبر کو پاکستان اپنے قائد کا تاریخی استقبال کرے گا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف نے سیاسی انتقام کا سامنا کیا، پاکستان کے مفادات کا تحفظ صرف نوازشریف کرسکتے ہیں۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ عوام پورا مینڈیٹ نوازشریف کو دیں، وہ عوام کو ہمیشہ کی طرح پورا ریلیف دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ الحمدللہ، ہمارے پاس قیادت بھی ہے، ایجنڈا بھی ہے، ٹیم بھی ہے اور اخلاص وعزم بھی ہے۔

نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق اہم ذمہ داریاں رانا ثناء کے سپرد

شہباز شریف نے چند دن قبل نوازشریف کی واپسی کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ 21 اکتوبر کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کی ذمہ دار ہوں گی۔

اس حوالے سے بیرون ملک موجود لیگی رہنماؤں کو ایک ہفتے میں وطن واپس پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

استقبال کی ذمہ داریاں سونپے جانے پر راناء ثنا نے ماڈل ٹاؤن لاہورمیں میں پنجاب بھر کے عہدیداروں کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا۔

اجلاس میں ٹکٹ ہولڈر، سینیٹرز اور پارٹی عہدیداروں کو ٹاسک سونپے جائیں گے۔

استقبال کی تیاریوں کی روزانہ کی رپورٹ نوازشریف کو دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

’بھائی بھٹو زندہ نہیں وہ مرچکے ہیں‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف وطن واپس آئیں گے اور وہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ راولپنڈی کی قیادت اور کارکن قافلوں کی صورت میں لاہور جائیں گے،21 اکتوبر کو راولپنڈی کو دلہن کی طرح سجائیں گے، نوازشریف کی آمد سے قبل تیاریوں سے متعلق قیادت متحرک ہے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ 2013 میں ملکی معاشی صورتحال موجودہ صورتحال جیسی ہی تھی، سوچنا ہوگا کون لوگ ہیں جو ہمیشہ ترقی کرتے ملک میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی والے ایک ہی بات کرتے ہیں بھٹو زندہ ہے، بھائی بھٹو زندہ نہیں وہ مرچکے ہیں۔

’سارے ڈاکٹرائن فیل ہوگئے، صرف نواز شریف ڈاکٹرائن ہی کامیاب ہوا‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے ونگز کا مشترکہ اجلاس میں نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی سے متعلقہ تیاریوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہر تنظیم بڑھ چڑھ کر اپنے قائد کا واپسی پر استقبال کرے گی، نواز شریف اپنے لئے نہیں، وطن اور عوام کے لئے واپس آرہے ہیں۔

شرکاء نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کی خدمت کی اور سزا بھگتی، نواز شریف کو ہٹایا گیا تو پاکستان اور عوام کو غربت اور معاشی تکلیف ملی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر سمیت پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ صرف نواز شریف کرسکتا ہے، نوازشریف کو اقتدار سے ہٹانے پر بھارت کو 5 اگست 2019 کرنے کی جرات ہوئی، پاکستان کے قومی اور خارجہ مفادات کے تحفظ کے لئے وزیراعظم نواز شریف ضروری ہے، سارے ڈاکٹرائن فیل ہوگئے، صرف نوازشریف ڈاکٹرائن ہی کامیاب ہوا ہے۔ وقت نے ثابت کیا کہ معمار پاکستان صرف نوازشریف ہی ہے۔

’نوازشریف کو اسلام آباد تشریف لانے کی تجویز دی تھی‘

چوہدری تنویر کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف نے ہمیشہ ملک کی بات کی، قیادت نے فیصلہ کیا کہ نوازشریف لاہور لینڈ کریں گے، ہم نے نوازشریف کو تجویز دی تھی اسلام آباد تشریف لائیں۔

انھوں نے کہا کہ نوازشریف کے دورمیں پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جارہا تھا، راولپنڈی نے ہمیشہ نوازشریف کے ساتھ محبت کا اظہار کیا۔

تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے چوہدری تنویر کا کہنا تھا کہ کہاں گئے 50لاکھ گھر اورایک کروڑ نوکریاں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے نعرہ اسلام کا اور اسٹیج گانا بجانے کا لگایا۔

Read Comments