سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے محفوظ فیصلہ سُناتے ہوئے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیا جس کے بعد مختلف سیاستدانوں کے خلاف نیب کے مقدمات بحال ہوگئے ہیں۔
3 رکنی بینچ نے فیصلہ دو ایک کی اکثریت سے سُنایا۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے اس فیصلے سے اختلاف کیا۔
سپریم کورٹ نے پلی بارگین سے متعلق ترامیم کالعدم قرار دیتے ہوئے ہوئے نیب کو7 دن میں ریکارڈ متعلقہ عدالتوں کو بھیجنےکاحکم دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کیسز جہاں تھے7 دن میں وہیں سے شروع کیے جائیں۔
پی ڈی ایم حکومت کے دور میں ہونے والی نیب ترامیم کے تحت 50 کروڑ سے کم کے کرپشن مقدمات پر نیب کا دائرہ اختیار ختم کردیا تھا اب یہ مقدمات بحال ہو گئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ترامیم کے تحت ختم کی گئی تمام تحقیقات بحال کی جائیں۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں نیب کی ایک کے سوا تمام ترامیم کو آئین کے خلاف قراردیا ہے۔
جو ترامیم ختم کی گئی ہیں ان کے تحت 500 ملین (50کروڑ) سے نیچے کے کیسز نیب سے لے کر متعلقہ محکموں کو منتقل کرنے کے علاوہ وہ ترمیم بھی شامل تھی جس میں نیب کے چیئرمین اور پراسیکوٹر جنرل کے عہدے کی مدت کم کرکے 3 برس کی گئی تھی۔
سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے، 58 صفحات پر مشتمل فیصلے میں اکثریتی فیصلہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریر کیا، جب کہ جسٹس منصور علی شاہ نے 2 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ لکھا جو تحریری فیصلے میں شامل ہے۔
تحریری فیصلے میں نیب سیکشن 3 اور سیکشن 4 سے متعلق ترامیم کو کالعدم قرار دیا گیا ہے، فیصلے میں کرپشن اور بے ایمانی کی تعریف کے حوالے سے کی گئی ترمیم بھی کالعدم قرار دے دی گئی، جب کہ سروس آف پاکستان کے خلاف دائر ریفرنسز کیلئے سیکشن 9 اے فائیو میں کی گئی ترمیم برقرار رہے گی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں رہنا یا نہ رہنا سیاسی فیصلہ ہے، عدالت سیاسی جماعتوں کے سیاسی فیصلوں کا جائزہ نہیں لے سکتی۔
عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ نیب ترامیم آرٹیکل 9 ، 14 ، 24 اور 25 متصادم ہیں، پارلیمنٹ نے ترامیم کے ذریعے 50 کروڑ سے کم کرپشن معاف کرکے عدلیہ کا اختیار استعمال کیا، این آر او کیس میں بھی عدالت کا موقف تھا کہ کیسز عدلیہ ہی ختم کر سکتی ہے، درخواست اس بنیاد پر مسترد کرنا غیر مناسب ہے کہ ترامیم کی پارلیمنٹ میں مخالفت نہیں کی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پلی بارگین میں عدالتی اختیار کو ختم کرنا عدلیہ کی آزادی اور آئین کے آرٹیکل 175/3 کے بر خلاف ہے، نیب قانون میں مجرم اور پلی بارگین کرنے والے عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیے گئے ہیں، پلی بارگین کے ملزمان کو رعایت دینا خود نیب قانون کی سیکشن 15 کیخلاف ہے۔
فیصلے کے مطابق پارلیمنٹ کی جانب سے نیب قانون سے خامیاں دور کرنے کی کوشش قابل ستائش ہے، بیوروکریسی کو غیر ضروری حراساں کرنے سے روکنے کی حد تک ترامیم اچھی کاوش ہے، لیکن ترامیم سے عوامی نمائندوں کو احتساب سے استثنی بھی دیا گیا۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب قانون میں کرپشن کی حد 50 کروڑ تک کرنا عوامی نمائندوں کو معافی دینے کے مترادف ہے، معافی کا اختیار صرف عدالت یا سزا کے بعد صدر مملکت کو ہے، پارلیمنٹ نے ترامیم کے ذریعے 50 کروڑ سے کم کی کرپشن معاف کرکے عدلیہ کا اختیار استعمال کیا، اور 598 ریفرنسز میں سے صرف 54 ریفرنسز دیگر عدالتوں کومنتقل ہوئے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کے بیشتر ملزمان کے اثاثے بیرون ملک موجود ہیں، آمدن سے زائد اثاثوں پر حساب نہ ہو تو عوام کا کرپشن کی نذر ہونے والا پیسہ ریکور نہیں ہوسکے گا۔
سپریم کورٹ نے ختم کیے گئے تمام نیب مقدمات بحال کرتے ہوئے 10 میں سے ایک کے علاوہ تمام ترمیم کو کالعدم قرار دیا۔
سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کی متعدد شقوں کوآئین کے برعکس قراردیا عوامی عہدوں کے ریفرنس ختم ہونے سے متعلق نیب ترامیم کو بھی کالعدم قراردیا۔
بے نامی کی تعریف ،آمدن سے زائد اثاثوں کی تعریف ،بارثبوت استغاثہ پرمنتقل کرنے اورپلی بارگین کے حوالے سے ترمیم کالعدم قرار دے دی گئیں۔
آمدن سے زیادہ اثاثہ جات والی ترامیم سرکاری افسران کی حد تک برقراررہیں گی۔
اس فیصلے کے بعد شہباز شریف، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اورآصف زرداری کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس بحال ہوجائے گا۔
آصف زرداری کیخلاف مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس، پارک لین ریفرنس بھی بحال ہوگا۔
لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس جبکہ سابق وزیزخزانہ شوکت ترین کے خلاف پاور پلانٹ ریفرنس بھی بحال ہوجائے گا۔
راجہ پرویز اشرف اور مراد علی شاہ کیخلاف مقدمات بھی بحال ہوجائیں گے۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے یہ فیصلہ 5 ستمبرکو محفوظ کیا تھا۔ بینچ کے دیگر دو اراکین میں جسٹس اعجاز الاحسن اورجسٹس منصورعلی شاہ شامل ہیں۔
جسٹس عمر عطا بندیال کا فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد کہنا تھا کہ جلد اس کیس کا ”مختصر اورسویٹ فیصلہ“ سنائیں گے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ بارکی جانب سے چیف جسٹس عمرعطا بندیال کے اعزازمیں دیے جانے والے عشائیے میں غیررسمی گفتگو کے دوران ان سے سوال کیا تھا کہ نیب ترامیم کا فیصلہ کب سنارہے ہیں؟۔
جواب میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ، ’میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا‘۔
اس پر ایک صحافی نے لقمہ دیا کہ اکثر بڑے فیصلے جمعے کو آتے ہیں، کیا ہم جمعے کو توقع رکھیں؟ جواب میں جسٹس عمرعطا بندیال کا کہنا تھا کہ، ”اس سوال کا جواب آپ بہترجانتے ہیں، خود اندازہ لگا لیں“۔
قبل ازیں سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے نیب ترامیم کے خلاف درخواست پرنئی ترامیم سے مستفید ہونے والے افراد کی فہرست طلب کی تھی۔
یکم ستمبر کو نیب نے مستفید ہونے والے ملزمان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جس کے مطابق 30 اگست 2023 تک 22 ریفرنس نیب عدالتوں سے واپس بھجوائے گئےتھے۔