جعفرآباد میں ٹیکسی کار یونین کی جانب سے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، کوئٹہ روڈ پرمظاہرہ کیا۔
ضلعی ہیڈ کوارٹر شہر ڈیرہ اللہ یارمیں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کار ٹیکسی یونین کے صدر حاجی عبدالستار کھوسہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کا برا حال ہوگیا ہے۔
عبدالستار کھوسہ نے کہا کہ غریب اور دہاڑی دار طبقے کے گھروں میں فاقے پڑگئے ہیں، مہنگائی کے باعث لوگ اپنے بچوں کوقتل کرکے خودکشیاں کر رہے ہیں لیکن حکمرانوں کو جوں تک نہیں کاٹتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کی مشکلات کو محسوس کرنے کی کوشش کرتے ہوئے روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کریں تاکہ غریب اور دہاڑی دارلوگ سُکھ کا سانس لیں۔
کار ٹیکسی یونین کے صدر نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہمارے ڈرائیورز بھی بے روزگار ہوکر رہ گئے ہیں، ہوشرباء مہنگائی نے انہیں بھی نان شبینہ کا محتاج کرکے رکھ دیا ہے۔
عبدالستار کھوسہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کم کرکے روزگار کے مواقع پیدا کرے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آسکے۔