Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2023 12:19am

مقبوضہ کشمیر میں آپریشن کے دوران کرنل، میجر سمیت 3 بھارتی افسر ہلاک

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ایک کرنل سمیت تین افسران مارے گئے ہیں اطلاعات کے مطابق ایک سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔

بدھ کی صبح ہوئے حملے میں جنوبی کشمیر کے علاقے کوکرناگ میں تعینات بھارتی فوج کی 19 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کرنل منپریت سنگھ، میجر آشیش اور جموں و کشمیر پولیس کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں بھٹ ہلاک ہوگئے۔

برطانوی

بھارتی خبر رساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آوروں نے حکمت عملی کے لحاظ سے فائدہ مند پوزیشن حاصل کر رکھی تھی اور اہلان گڈول واٹر اسٹریم کے قریب جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے ٹیم کو جوابی حملہ کرنے کیلئے وقت نہ ملا۔

بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ سری نگر سے تقریباً 90 کلومیٹر دور کوکر ناگ کے گڈول علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر’ 12 اور 13 ستمبر کی درمیانی رات جموں و کشمیر پولیس اور فوج نے مشترکہ طور پر ایک آپریشن شروع کیا تھا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کو رات کے وقت روک دیا گیا تھا اور بدھ کی صبح اس وقت دوبارہ شروع کیا گیا جب سیکورٹی فورسز کو مبینہ طور پر اطلاع ملی کہ حملہ آور گڈول گاؤں کے ایک پہاڑی علاقے میں ایک خفیہ ٹھکانے میں پناہ لے رہے ہیں، جو گھنے جنگلات کے درمیان واقع ہے۔

سیکیورٹی فورسز جب ٹھکانے کی طرف بڑھیں تو شدید گولی باری کی زد میں آگئیں۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سب سے پہلے گولی فوج کے ایک کرنل کو لگی، اس کے بعد اس کے نائب کو گولی لگی اور پھر جموں و کشمیر پولیس کا ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ زخمی ہوا۔

حملہ آروں نے فائرنگ جاری رکھی تاکہ زخمیوں کو وہاں سے بھاگنے سے روکا جا سکے۔

تاہم، ایک آرمی ہیلی کاپٹر کی مدد سے زخمیوں میں سے ایک کو سری نگر کے ایک فوجی اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

جموں کشمیر پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ’جب مشترکہ ٹیم گھنے جنگلاتی علاقے سے گھری ہوئی ندی سے گزر رہی تھی تو عسکریت پسندوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ حملہ آور حکمت عملی کے لحاظ سے بہتر پوزیشن میں تھے گھنے جنگل میں چھپے ہوئے تھے۔‘

مرنے والوں کی شناخت 2021 میں سینا میڈل حاصل کرنے والے کرنل منپریت سنگھ، جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) ہمایوں مزمل بھٹ اور فوج کی 19 راشٹریہ رائفلز کے میجر آشیش دھونچک کے طور پر کی گئی ہے۔

بھارتی فوج نے ہلاک ہونے والے افسران کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔

اطلاعات کے مطابق، ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے گڈول کے جنگلاتی علاقوں کے ارد گرد فضائی جاسوسی سروے کرتے ہوئے مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے ایک بڑا سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔

بھارتی حکام کا ماننا ہے کہ یہ وہی حملہ آور ہیں جنہوں نے 4 اگست کو کولگام ضلع کے ہالان جنگلاتی علاقے کے اونچے حصے میں سپاہیوں پر حملہ کیا تھا اور تین فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق راجوڑی میں ایک علیحدہ جھڑپ میں ایک فوجی ہلاک ہوا۔ جب کہ دو عسکریت پسند مارے گئے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران جنوبی کشمیر میں یہ بھارتی فوج پر ہوا یہ دوسرا حملہ ہے۔ 4 اگست کو کولگام کے جنگلات میں حملہ آوروں نے ایک عارضی فوجی چوکی کو نشانہ بناتے ہوئے تین فوجی مار دیے تھے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

اس سال کے شروع سے اب تک پیر پنجال کے پونچھ اور راجوڑی اضلاع میں دو الگ الگ حملوں اور مقابلوں میں ایلیٹ پیرا یونٹ کے پانچ کمانڈوز سمیت کم از کم 10 فوجی مارے گئے ہیں۔

Read Comments