الرجی کی ملاوٹ شدہ مِس برانڈڈ دوا کی مارکیٹ میں فروخت کا انکشاف ہوا ہے، ڈریپ نے ”پلائیول 25 ایم جی“ (Plivil 25mg Injection) انجکشن کے بیچ 847 کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے کمپنی کو انجیکشن فوری مارکیٹ سے واپس اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔
ڈریپ کے مطابق ملاوٹ شدہ پلائیول انجکشن میں غیر متعلقہ ذرات پائے گئے ہیں، پلائیول انجکشن پلائیوا فارما لسبیلہ بلوچستان کی تیارکردہ ہے۔
پلائیول کے سیمپل کا ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کوئٹہ میں معائنہ کیا گیا، لیب نے پلائیول کے بیچ کو ملاوٹ شدہ اور مس برانڈڈ قرار دیا ہے۔
ڈریپ الرٹ کے مطابق فارما کمپنی پلائیول انجکشن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سپلائی نہ کرے، کمپنی کو پلائیول انجکشن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈریپ نے کہا کہ کیمسٹ پلائیول انجکشن کے متاثرہ بیچ کی سیل روکنے کیلئے اسٹاک چیک کریں اور فارما کمپنی کو واپس کریں، ڈاکٹرز بھی مریضوں کو پلائیول انجکشن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں۔
ڈریپ کے مطابق ملاوٹ شدہ انجکشن کا استعمال انسانی جان کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے۔
پلائیول 25 ایم جی انجکشن الرجی کے علاج کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔